وادی چناب میں بیک ٹو ولیج کا ساتواں دِن ، لوگ بدلائو کے لئے پُر اُمید

جموں//عوامی رابطہ مہم  بیک ٹو وِلیج‘‘پروگرام کے ساتویں روز آج جموں خطے کے چناب اضلاع میں کافی گہما گہمی دیکھنے کو ملی اور نامزد افسروں نے دور دراز علاقوں کا دورہ کر کے عام لوگوں خاص کر نوجوانوں کے ساتھ مختلف ترقیاتی معاملات پر تبادلہ خیال کیا۔ اس کے علاوہ ان افسروں نے کئی سرکاری اداروں اور تنصیبات کا دورہ کر کے وہاں کام کاج کا جائزہ لیا۔ان علاقوں کے لوگوں نے اپنی نوعیت کی پہلی اور منفرد عوامی رابطہ مہم کے انعقاد پر حکومت کی سراہنا کرتے ہوئے اطمینا ن کا اِظہار کیا۔ لوگوں نے امید ظاہر کی کہ اس پروگرام کی بدولت ترقی عمل میں بدلائو دیکھنے کو ملے گا۔
 رام بن میں پروگرام کے چوتھے اور آخری مرحلے میں کھاری اور بانہال بلاکوں کی 36پنچایتوں میں کئی طرح کے پروگرام منعقد کئے گئے ۔ڈپٹی کمشنر شوکت اعجاز بٹ نے کھاری بلاک کی کئی پنچایتوں کا دورہ کر کے  بیک ٹو وِلیج‘‘پروگرام کی زمینی سطح پر عمل آوری کا جائزہ لیا۔ ڈپٹی کمشنر پنچوں اور سرپنچوں سے تلقین کی کہ وہ لوگوں کو فلاحی سکیموں کے بارے میں آگاہ کر کے انہیں ان سکیموں سے استفادہ کرنے پر آمادہ کریں۔مشن ڈائریکٹر این ایچ ایم بھوپندر کمار نے چندر کوٹ پنچایت کے دورے کے دوران پنچایتی راج اداروں کے ممبران ، مقامی لوگوں اور انتظامیہ کے اہلکاروں کے ساتھ  بیک ٹو وِلیج‘‘پروگرام کے تناظر میں تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔ لوگوں نے اس پروگرام میں دلچسپی کا اظہار کرتے ہوئے دیہات کی ترقی سے متعلق ضروریات اُن کی نوٹس میں لاتے ہوئے اُن کو پورا کرنے کا مطالبہ کیا۔ ڈائریکٹر این ایچ ایم نے ہائی سکول چندر کوٹ میں چنار کا پودا لگانے کے علاوہ مقامی نوجوانوں میں کرکٹ کِٹ تقسیم کئے۔
ڈوڈہ میں پروگرام کے ساتویں روز مختلف پنچایت حلقوں میں کئی پروگرام منعقد کئے گئے جن میں مرد و زن کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی ۔ڈپٹی کمشنر ڈائیفورڈ ساگر دتاترے نے ڈالی ادھیان پورہ بلاک کی کلی ہنڈ پنچایت کا دورہ کر کے مقامی لوگوں کے ساتھ تبادلہ خیال کیا اور ان کے مسائل کا جائز لیا۔انہوں نے لوگوں سے تلقین کی کہ وہ گرام سبھائوں میں بڑھ چڑھ کر شرکت کریں اور  بیک ٹو وِلیج‘‘پروگرام کی کامیابی کو یقینی بنائیں۔اُنہوں نے محکمہ مال کے افسروں کو پنچایت گھر کے ایک کمرے میں پٹوار خانہ قائم کرنے کی موقعہ پر ہی ہدایت دی ۔ انہوں نے اس علاقے کے لئے مختلف ترقیاتی منصوبوں کے بارے میں بھی جانکاری دی۔دریں اثنا ضلع ترقیاتی کمشنر نے لور ہائی سکول کلی ہنڈ اور یوپی ایس گرانگہ کا دورہ کر کے ذمہ داری پروجیکٹ کی پیش رفت کا جائزہ لیا۔ انہوں نے سکول تک جانے والے کلواٹس کا بھی افتتاح کیا۔ڈپٹی کمشنر نے امید ظاہر کی کہ لوگوں سے جو فیڈ بیک حاصل کیا گیا ہے وہ ترقیاتی عمل کو دوام بخشنے میں سود مند ثابت ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ اس طرح سرکار کو ترقیاتی منصوبے ترتیب دینے میں مدد ملے گی۔
کشتواڑ میں بیک ٹو ولیج پروگرام کے ایک حصہ کے طور پر انیمل ہسبنڈری محکمہ کشتواڑ نے بونجوا بلاک کی کیوہ پنچائت میں بیداری پروگرام منعقد کیا گیا۔کیمپ کے دوران چیف انیمل ہسبنڈری افسر ڈاکٹر دلجیت سنگھ بندرا نے بیک ٹو ولیج پروگرام کے مقاصد اُجاگر کئے۔ انہوں نے پنچائتی راج اداروں کے ممبران کے رول اور کسانوں کو اُن کی دہلیز پر محکمانہ سرگرمیاں بہم رکھنے کے لئے کئے جارہے اقدامات پر روشنی ڈالی۔تقریباً ایک سو مقامی کسانوں جن میں خواتین بھی شامل تھیں، نے کیمپ میں حصہ لیا اور کے سی سی، ڈی ای ڈی ایس، کیٹل انشورنس، ایف ایم ڈی۔ سی پی اور دیگر سکیموں کے بارے میں جانکاری حاصل کی۔مقامی لوگوں کو فروزن سیمن ٹیکنالوجی کے فوائد کے بارے میں جانکاری دی گئی ۔ کیمپ کے دوران60 سے70 جانوروں کا موقعہ پر علاج و معالجہ کیا گیا۔اس کے علاوہ محکمانہ ادویات بھی شرکاء میں تقسیم کی گئیں۔
 
ریاسی میں صوبائی کمشنر جموں سنجیو ورما نے’’ بیک ٹو وِلیج‘‘پروگرام کے تحت ضلع کے پونی بلاک کے کئی پنچائتوں کا دورہ کیا اور حکومت کی طرف سے چلائے جارہے مختلف پروگراموں کی عمل آوری کا جائزہ لیا۔صوبائی کمشنر نے بھامبلہ پنچایت کے دورے کے دوران مختلف محکموں کے ساتھ تفصیلی استفسار کیا اور دُور دراز علاقوں میں جاری ترقیاتی کاموں کی پیش رفت کا جائیزہ لیا۔ انہوں نے پنچائتی راج اداروں کے نمائندوں کے ساتھ بیک ٹو ولیج پروگرام کے کئی پہلوؤں پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ اس کے علاوہ صوبائی کمشنر نے مقامی لوگوں کے علاوہ تمام شراکت داروں اور افسروں کو قریبی تال میل کے ساتھ کام کرتے ہوئے فلیگ شِپ سکیموں کی موثر عمل آوری پر زور دیا۔سنجیو ورما نے تحصیلدار پونی کے ہمراہ لیتر گاؤں میں سرکاری اراضی کے بڑے حصے کی نشاندہی کی اور ضلع فارسٹ افسر کو ہدایت دی کہ ضروری لوازمات پورا کرنے کے بعد اس اراضی پر شجرکاری مہم شروع کی جائے۔لہارگاؤں میں صوبائی کمشنر نے حکومت کی طرف سے چلائی جارہی باغبانی نرسری کا جائیزہ لیا اور چیف ہارٹی کلچر افسر کو ضلع کے تمام علاقوں میں نرسریوں کو ترقی دینے کی ہدایت دی۔صوبائی کمشنر نے ضلع ہیڈ کوارٹر میں بیک ٹو ولیج کنٹرول روم کا دورہ کیا اور ڈپٹی کمشنر اندو کنول چب کے ساتھ اس پروگرام کی عمل آوری کا تفصیلی جائیزہ لیا۔نامزد افسران اور ڈپٹی ڈائریکٹر صحت و طبی تعلیم امن کمار ڈوگرہ، اے ڈی سی ریاسی راجندر شرما اور دیگر ضلع افسران اس موقعہ پر موجود تھے۔دریں اثنا وائس چیئرمین جے ڈی اے وکاس شرما نے پینتھل بلاک کی پنچائت پینتھل کا دورہ کیا اور وہاں پی آر آئیز، افسران و مقامی لوگوں کے ساتھ پروگرام کی عمل آوری کے بارے میں بات چیت کی۔اے سی ڈی ریاسی ڈاکٹڑ سنیل شرما، ڈی پی او ریاسی پرویندر کورکے علاوہ دیگر محکموں کے افسران اور مقامی لوگوں کی اچھی خاصی تعداد اس موقعہ پر موجود تھی۔اسی طرح کی تقریبات ضلع کی دیگر پنچائتوں میں بھی منعقد ہوئیں جہاں لوگوں نے بڑے جوش و خروش کے ساتھ حصہ لیتے ہوئے اپنی شکایات اور مطالبات کو اُجاگر کیا۔