عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر//وادی گرمی کی شدید لپیٹ میں ہے ۔رواں ماہ کے آغاز سے ہی پوری وادی میں شدیدگرمی پڑرہی ہے۔ جبکہ 5اور12،اگست کوسرینگرمیں گرمی کا40سالہ ریکارڈ اُسوقت ٹوٹ گیا ،جب دن کا درجہ حرارت 35.7درج کیاگیاجبکہ 7اگست کودرجہ حرارت35.4ڈگری سینٹی گریڈدرج ہوا۔ اس سے پہلے یکم اگست1983اور 12اگست 2009کو سرینگر سمیت کشمیر وادی میں دن کازیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 35.4ڈگری سینٹی گریڈ درج کیاگیاتھا ۔قابل ذکر ہے کہ سری نگرمیں ماہ اگست میںدن کا سب سے زیادہ ریکارڈ درجہ حرارت 77سال قبل یکم اگست1946کو36.7درج کیاگیا تھا۔اب گرمی کی لہر کایہ عالم ہے کہ اسکولی بچوں کیساتھ ساتھ بزرگ شہری بے حال ہورہے ہیں۔بدھ کے روز سرینگر میں درجہ حرارت 34ڈگری ریکارڈ کیاگیاجبکہ منگل کو 34.6 درج ہوا تھا۔ محکمہ موسمیات کے علاقائی ڈائریکٹر سونم لوٹس نے اس اُمید کااظہار کیاکہ 24اور25اگست2023کو شدیدگرمی کی لہرمیں کچھ کمی آسکتی ہے ۔تاہم انہوںنے ساتھ ہی کہاکہ فی الحال بارشوں کا کوئی امکان نہیں ہے ۔انہوںنے لوگوں کو مشورہ دیتے ہوئے کہاکہ غیر ضروری سفر سے اجتناب کریں ، گھر میں رہیں حتیٰ کہ ورزش بھی کم کردیں۔طبی ماہرین نے مزید کہاکہ جسم کا درجہ حرارت کم کرنے کیلئے ٹھنڈے پانی سے نہائیں، برف اور پنکھوں کا استعمال کریں۔باہر نکلتے وقت چھتری یا ٹوپی کا استعمال کریں۔سفر سے قبل گاڑیوں کے انجن میں پانی اور ٹائروں میں پریشر چیک کریں۔