جموں اور سرینگر کے اضلاع بالترتیب 919اور 957کیساتھ سرفہرست
سرینگر //جموں و کشمیر میں 8ماہ بعد کورونا وائرس سے متاثر ہونے والے افراد کی تعداد 4500پار کرگئی ہے۔منگل کو جموں و کشمیر میں کورونا وائرس کی تشخیص کیلئے 74ہزار 772ٹیسٹ کئے گئے جن میں 71سفرکرنے والوں سمیت مزید 4651افراد کی رپورٹیں مثبت قرار دی گئی ہیں۔ اس سے قبل جموں و کشمیر میں 12مئی 2021کو کورونا وائرس سے 4509افراد متاثر ہوئے تھے۔ متاثرین کی مجموعی تعداد 3لاکھ 66ہزار 851ہوگئی ہے۔ اس دوران مزید 3افراد کورونا وائرس سے پیدا ہونے والے نمونیا سے فوت ہوگئے ۔ متوفین کی مجموعی تعداد 4575ہوگئی ہے۔ جموں و کشمیر میں مثبت قرار دئے گئے 4651افراد میں جموں میں 1546جبکہ 3105افرادکشمیر سے تعلق رکھتے ہیں۔مثبت قرار دئے گئے 3105افراد میں 17بیرون ریاستوں سے سفر کرکے وادی پہنچے جبکہ دیگر 3088افراد مقامی سطح پر رابطے میں آنے کی وجہ سے متاثر ہوئے ہیں۔کشمیر سے تعلق رکھنے والے 3105افراد میں سب سے زیادہ سرینگر میں 957، بارہمولہ میں 633، بڈگام میں 411، پلوامہ میں 96، کپوارہ میں 209، اننت ناگ میں 253، بانڈی پورہ میں 139، گاندربل میں 171، کولگام میں 215 جبکہ شوپیان میں 21افراد کی رپورٹ مثبت آئی ہے۔ وادی میں متاثرین کی مجموعی تعداد 2لاکھ 30ہزار کا ہندسہ پار کرکے 2لاکھ 30ہزار 89ہوگئی ہے۔ اس دوران وادی میں مزید ایک شخص کورونا وائرس سے فوت ہوگیا ہے۔ مرنے والے کا تعلق سرینگر شہر سے ہے۔ متوفین کی مجموعی تعداد 2347ہوگئی ہے۔ جموں صوبے میں بھی کورونا وائرس کا پھیلائو جاری ہے۔ جموں صوبے میں پچھلے 24گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس سے1546افراد متاثر ہوئے ہیں جن میں 54افراد سفر کرکے جموں پہنچے جبکہ 1492افراد مقامی سطح پر رابطے میں آنے کی وجہ سے متاثر ہوئے ہیں۔ متاثر ہونے والے 1546افراد میں جموں میں 919، ادھمپور میں 184، راجوری میں 74، ڈوڈہ میں 49، کٹھوعہ میں 94، سانبہ میں 109، کشتواڑ میں 6، پونچھ میں 18، رام بن میں 15، جبکہ ریاسی میں 78افراد وائرس سے متاثر ہوئے ہیں۔ جموں صوبے میں متاثرین کی مجموعی تعداد 1لاکھ 36ہزار 762تک پہنچ گئی ہے۔ اس دوران کورونا وائرس سے مزید 2افراد فوت ہوگئے۔ مرنے والوں میں ایک ضلع جموں جبکہ ایک رام بن سے تعلق رکھتا ہے۔ جموں صوبے میں کورونا وائرس سے مرنے والوں کی مجموعی تعداد 2228ہوگئی ہے۔
ملک میں2لاکھ38ہزارنئے کیسز
۔310ہلاکتیں،اومیکرون معاملات8891
یو این آئی
نئی دہلی// ملک میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 2.38 لاکھ سے زیادہ نئے کیسز سامنے آنے کے بعدفعال معاملوں کی تعداد بڑھ کر 17 لاکھ سے زائد ہونے کے ساتھ ہی اس کی شرح 4.62 فیصد ہوگئی ہے ۔ پیر کے روزملک میں 79 لاکھ 91 ہزار 230 کووڈ ویکسین لگائی گئی ہیں اور اب تک ایک ارب 58 کروڑ 4 لاکھ 41 ہزار 770 افراد کو کووڈ ویکسین دی جا چکی ہیں۔منگل کی صبح جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق، گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں 16 لاکھ 49 ہزار 143 کووڈ ٹیسٹ کیے گئے ، جن میں سے دو لاکھ 38 ہزار 18 افراد کی رپورٹ پازیٹیو آئی اور متاثرین کی مجموعی تعداد تین کروڑ 76 لاکھ 18 ہزار 271 ہو گئی۔ اس دوران مزید 310 مریضوں کی موت کے ساتھ اس بیماری سے مرنے والوں کی تعداد 4,86,761 ہو گئی ہے ۔دوسری طرف 27 ریاست میں اب تک 8891 لوگ کووڈ کے اومیکرون وارینٹ سے متاثر پائے گئے ہیں۔
گھروں میں کووِڈ مینجمنٹ کِٹس تقسیم کرنیکی ہدایت
صوبائی کمشنر نے کوویڈروکتھام اور تخفیفی اِقدامات کا جائزہ لیا
نیوز ڈیسک
سری نگر//صوبائی کمشنر کشمیر پانڈورانگ کے پولے نے تیسری لہر سے پیدا شدہ صورتحال کا جائزہ لینے کے لئے ایک میٹنگ کی صدارت کی۔صوبائی کمشنر نے کووِڈ۔19 کی تیسری لہر کو کنٹرول کرنے میں حاصل ہونے والی پیش رفت کا جائزہ لیا ۔ اُنہوں نے پرائمری لیول کیئر میں ہوم آئیسولیشن مینجمنٹ کی اہمیت پر زور دیاکیوں کہ لہر بنیادی طور پر اومی کرون لیڈکی طرح دکھائی دیتی ہے اور اَب تک اِس کی شدت میں ہلکی ہے جسے اعداد و شمار سے دِکھا یا گیا ہے۔صوبائی کمشنر نے ڈویژن کے تمام سی ایم اوز کو ہدایت دی کہ وہ ٹریشری کیئر ہسپتالوں میں ریفرل معاملات کی خود نگرانی کریں اور ایسے معاملات کو ٹریشری کیئر ہسپتالوں میں ریفر نہ کریں جو ضلع کے اَندر پرائمری اور سکینڈر ی لیول کے ہسپتالوں میں جاسکتے ہیں۔اُنہوں نے کووِڈ نامزد ہسپتالوں کے تمام میڈیکل سپراِنٹنڈنٹوں اور نوڈل اَفسران کو بھی ہدایت دی کہ وہ اَپنے ماہرین ٹیم کے ساتھ ان کو وڈ مریضوںکے اِنتظام پر روزانہ میٹنگ کریں۔ڈی سی سی آر کے کے اَفسران کی طرف سے صوبائی کمشنر کی نوٹس میں یہ بات لائی گئی کہ ٹریشری کیئر ہسپتالوں میں کام کرنے والے ہیلتھ کیئر ورکرز کو وِڈ پازیٹیو کو آف اور آن کر رہے ہیں۔صوبائی کمشنر نے مائیکرو کنٹین منٹ زونوں کا سنجید گی سے نوٹس لیا اور تمام سی ایم اوز کو ہدایت دی کہ وہ اِن علاقوں کی شناخت ، کانٹیکٹ ٹریسنگ ، ٹیسٹنگ ، آئیسولیشن ، علاج اور فالو اَپ کے معاملے میں مناسب پروٹوکول پر عمل کریں۔اُنہوں نے تمام ضلع اِنتظامیہ کو بھی ہدایت دی کہ وہ متعلقہ اِداروں کی جانب سے عائد کئے گئے جُرمانے مقررہ وقت میں رِپورٹ کریں۔صوبائی کمشنر کی طرف سے اِس بات پر بھی زور دیا گیا کہ وہ گھروں میں تنہائی کے مریضوں کے لئے کووِڈ مینجمنٹ کِٹس کی ان کی دہلیز پر بغیر کسی پریشانی کے تقسیم کریں۔اِس بات پر بھی زور دیا گیا کہ تمام اَضلاع اَپنے اَضلاع میں آئی اِی سی کی سرگرمیوں کو بڑھائیں گے جس سے صوبائی اِنتظامیہ کو کنٹرول اور تخفیفی کوششوں میں مدد ملے گی۔صوبائی کمشنر نے ہدایت دی کہ لیبارٹریوں کو مزید مضبوط بنانے کے لئے کشمیر ڈویژن کے مختلف کالجوں سے مائیکرو بائیو لوجی ڈیپارٹمنٹ کے ٹیکنیشن اسسٹنٹنو ں کو ٹریشری نگہداشت ہسپتالوں میں خدمات کے لئے تعینات کریں۔
سوپور میں 15ڈاکٹر اور 25دیگر افراد مثبت
نوہٹہ ،بانڈی پورہ اور سوپوربینک شاخیں اور اوڑی کا BDOآفس بند
غلام محمد+ظفر اقبال+عازم جان
سوپور+اوڑی+بانڈی پورہ// سب ڈسٹرکٹ ہسپتال سوپور میں گزشتہ 5 دنوں سے کم از کم 15 ڈاکٹر اور نیم طبی عملے کے 25 ممبران وائرس میں مبتلا پائے گئے۔ نوڈل افسر ڈاکٹر شاہد نے کہاکہ ہو سکتا ہے کہ ڈاکٹر ہسپتال میں مریضوں کی جانچ کے دوران متاثر ہوئے ہوں، کیونکہ سوپور قصبہ میں گزشتہ دو ہفتوں سے کوویڈ 19 کے مثبت معاملات میں بہت زیادہ اضافہ ہواہے۔ انہوں نے کہا کہ ایس ڈی ایچ سوپور میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 300 سے زیادہ لوگوں کا ٹیسٹ مثبت آیا ہے۔ڈاکٹر شاہد نے کہا کہ تمام متاثرہ ڈاکٹروں اور طبی عملے کو خود کو الگ تھلگ رکھنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔ادھر جے اینڈ کے بینک سوپور بند کردیا گیا ہے۔ بینک شاخ کے 5ملازمین کے ٹیسٹ مثبت آئے جس کے بعد برانچ کو ایک دن کیلئے بند کرنیکا فیصلہ کیا گیا۔اس دوران اوڑی بلاک ڈیولپمنٹ اافس بھی بند کیا گیا ہے۔آفس کے 2ملازمین کا ٹیسٹ مثبت آیا جس کے بعد آفس کو2روز کیلئے بند رکھنے کے احکامات صادر کئے گئے۔ادھر آلوسہ بانڈی پورہ بنک شاخ میں4 بنک ملازمین مثبت آنے کے بعد شاخ کو تین دن کے لیے بند کر دیا گیا۔گذشتہ ہفتے سے بانڈی پورہ میں جموںوکشمیر بنک کی مختلف شاخوں کے ملازمین مثبت آرہے ہیں۔ قصبہ کی دو شاخیں بند کی گئی ہیں اور کل ہی کلوسہ کی شاخ بند کی گئی ہے۔جموں وکشمیر بینک برانچ نوہٹہ میں کئی ملازمین کی رپورٹ مثبت آنے کے بعد بینک عمارت کو سینٹی ٹائز کیا گیا ۔ پیر کے روز بینک میں تعینات ملازمین کے رپیڈ ٹیسٹ کئے گئے جس دوران چار کی رپورٹ مثبت آئی جس کے بعد برانچ کو بند کیا گیا۔
ٹول پوسٹ قاضی گنڈ میں وادی آنے والے لوگ
۔ 2دن میں 900افراد کے ٹیسٹ، 2مثبت
یو این آئی
سرینگر// ٹول پوسٹ قاضی گنڈ میں پچھلے 2دنوں کے دوران 900 افراد ،جن میں کئی غیر مقامی سیاح بھی شامل ہیں، کے ٹیسٹ کئے گئے جس دوران 2 کی رپورٹ مثبت آئی ۔ٹول پوسٹ پر تعینات محکمہ صحت کے عہدیداروں نے بتایا کہ پیر کے روزتقریباً 500 افراد، جن میں متعدد سیاح بھی شامل تھے ،کے کورونا ٹیسٹ کئے گئے تاہم کسی کی رپورٹ مثبت نہیں آئی۔اُن کے مطابق منگل کی صبح سے چار بجے تک ٹول پوسٹ پر400 افراد کے رپیڈ ٹیسٹ کئے گئے جس دوران 2 افراد میں کورونا کی تشخیص ہوئی۔اُنہوں نے مزید بتایا کہ جموں سے سرینگر کی طرف جانے والی سبھی گاڑیوں، جن میں ٹورسٹ بھی شامل ہیں ،کے ٹیسٹ کئے جاتے ہیں۔اُن کا کہنا تھا کہ وائرس کے پھیلاو کو روکنے کی خاطر مسافر وں کے ساتھ ساتھ غیر مقامی سیاحوں کے بھی نمونے جانچ کیلئے بھیجے جارہے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ کورونا وائرس کے یومیہ معاملات میں اُچھال کے بعد ڈلوچھ قاضی گنڈ میں ٹول پوسٹ کے نزدیک محکمہ صحت نے کیمپ لگایا جہاں پر مسافروں کے ٹیسٹ کئے جاتے ہیں۔بتادیں کہ کورونا کے یومیہ کیسز میں اضافے کے بیچ جموں وکشمیر انتظامیہ نے وائرس کے پھیلاو کو روکنے کی خاطر قاضی گنڈ ٹول پوسٹ کے نزدیک محکمہ صحت کو کیمپ لگانے کے احکامات صادر کئے تاکہ اس شاہراہ پر سفر کرنے والے سبھی مسافروں اور سیاحوں کو ٹیسٹ کے بعد ہی سری نگر جانے کی اجازت دی جاسکے ۔