سرینگر//عالمگیر وباء کے پھیلائو کو روکنے کیلئے ملک گیر سطح پر عملائے جارہے لاک ڈائون کی وجہ سے وادی کشمیر میں ہو کا عالم ہے۔شہر سرینگر کی سڑکیں ویران،بازار سنسان اور بستیاں مکمل خاموش نظر آرہی ہیں۔شہر میں صرف ادویات فروخت کرنے والی دکانیں کھلی رہتی ہیں جبکہ دیگر ہر طرح کے دکان اور کاروباری یا تجارتی مراکز مکمل تالہ بند ہیں حتیٰ کہ سبزی و میوہ فروش بھی نظر نہیں آتے ہیں۔ شہر سرینگر سمیت وادی بھر میں اسی طرح کی صورتحال ہے۔سبھی اضلاع میں ہر طرح کی نقل و حمل بند ہے اور لوگ گھروں میں رہنے کو ہی ترجیح دے رہے ہیں۔سرینگر کی سڑکوں پر خاردار تاریں بچھائی گئی ہیں جبکہ وادی کے سبھی نواضلاع میں بھی لاک ڈاؤن کا سلسلہ مسلسل جاری ہے۔ادھر سرینگرپولیس نے سرکاری احکامات کی خلاف ورزی کر نے والے دوکانداروںکے خلاف کیس زیر نمبر 52/2020 پولیس اسٹیشن صدر میں اندراج کر کے گرفتارکیا ۔ ہاوسنگ کالونی چھانہ پورہ اور لال نگر چھانہ پور میں دکانداروں نے امتناعی احکامات کی خلاف ورزی کی تھی۔ادھر نامہ نگار ظفر اقبال کے مطابق اوڑی میں پولیس نے بدھ کوسومو ڈرائیور کو حکم امتناعی کی خلاف ورزی کرنے پر حراست میں لیا۔ پولیس نے نامبلہ اوڑی کے سومو ڈرائیور اور گاڑی زیر نمبرJK05B/7554 کو بھی ضبط کیا۔اس سلسلے میں ایک کیس زیر نمبر31/2020کے تحت درج کیا گیا۔