سرینگر// مساجد ، خانقاہوں اور زیارت گاہوں میں شب برات کی مناسبت سے شب خوانی کا اہتمام کیاگیا اور دورو اذکار کی محفلیں آراستہ ہوئیں۔ وادی میں شب برات کی سب سے بڑی تقریب آثار شریف درگاہ حضرت بل میں منعقد ہوئی جہاں شب خوانی کی گئی۔ درگاہ حضرت بل میں شب برات کی مقدس تقریب میں شرکت کرنے کیلئے وادی کے اطراف و اکناف سے آئے ہوئے لوگوں نے بھی شرکت کی ۔درگا ہ حضرت بل اور دوسری مساجدوں تک جانے والے راستوںمیں چراغاں کیا گیا تھا۔جناب صاحب صورہ میں بھی شب برات کی تقریب میں لوگ شب خوانی میں محو رہے جسکے دوران علماء نے شب برات کی مناسبت سے روشنی ڈالی ۔ حضرت شیخ حمزہ مخدوم صاحب،آستان عالیہ خانیار ،سرائے بالا ، آثار شریف شہری کلاشپورہ ، سعید یعقوب صاحب سونہ وار،اقرا مسجد سرائے بالا ، جامع مسجد قدیم بٹوارہ ، سید عنقبوت ؒ صاحب بٹوارہ ، خانقاہ معلیٰ اور زیارت گاہ چرار شر یف ، پنجورہ شوپیان ، تجر شریف ، بانڈی پورہ ، ہندوارہ ، جامع مسجد کپوارہ کیساتھ ساتھ وادی کی تمام مساجد ، خانقاہوں اور زیارتگاہوں میں شب خوانی کا اہتما م کیاگیا جسکے دوران ائمہ مساجد نے تفصیل کیساتھ شب برات کی اہمیت اور فضیلت کو اُجاگر کیا ۔ حضرت سید صاحب سونہ وار کے آستان عالیہ میں بھی شب برات کی تقریب منعقد ہوئی جس کے دوران رات بھر سونہ وار اور ملحقہ علاقوں میں درود و ازکار اور ختمات المعظمات سے فضاء گونجتی رہی ۔ جنوبی اور شمالی کشمیر کی مساجد اور خانقاہوں میں بھی شب برات کی مقدس اور بابرکت تقریبات کا انعقاد کیا گیا جسکے دوران فرزندان توحید نے امن و آشتی کیلئے خصوصی دعائیں کیں ۔
مبارکباد
لیفٹیننٹ گورنر منوج سِنہا نے جموںوکشمیر کے لوگوں کو شب برأت کے موقعہ پر مبارک باد پیش کی ہے۔اَپنے پیغام میں لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ اِس مقدس اور متبرک موقعہ سے معافی ، احسان ، اُمید اور اَچھے اعمال کے جذبے کو تقویت ملتا ہے۔لیفٹیننٹ گورنر نے دعا کی کہ یہ مقدس موقعہ ہم آہنگی کی ثقافت کی بنیاد کو مزید مضبوط کرے اور جموںوکشمیر میں ترقی ، اَمن اور خوشحالی اور سب کی بھلائی کو فروغ دے۔
آج عدالت عالیہ بند رہے گی
باقی دفاتر کھلے رہیں گے
سرینگر // شب برات کے سلسلے میں جموں کشمیر لداخ ہائی کورٹ آج بند رہے گا۔ اس سلسلے میں رجسٹرار ہائی کورٹ کی جانب سے جمعرات کی سہ پہر نوٹیفکیشن جاری کی گئی تھی۔ ادھر انتظامیہ کی جانب سے سرکاری تعطیل نہیں کی گئی ہے۔ معلوم ہوا ہے کہ اس ضمن میں ایک تجویز دی گئی تھی لیکن اسکی وجہ سے جمعہ سے پیر تک چار دن کی چھٹی ہونے سے دفاتر میں کام کاج متاثر ہونے کا اندیشہ تھا، جس کی وجہ سے سنیچر کو سرکاری دفاتر کھلے رکھنے پر اتفاق کیا گیا۔ کشمیر عظمیٰ کے 18مارچ کے شمارے میں غلطی سے عدالتوں کیساتھ سرکاری دفاتر میں چھٹی کی خبر شائع کی تھی،جس کے لئے ادارہ معذرت خواہ ہے۔