سرینگر // وادی اور لداخ خطہ میں سردیوں کا زور بدستور جاری ہے ۔40 دنوں پر محیط چلہ کلان کے سرد ترین موسم میں صبح شام اور رات کو یخ بستہ ہوائیں لوگوں کو ٹھٹھرنے پر مجبور کررہی ہیں۔ حالیہ کئی دنوں کی طرح بدھ کی صبح بھی سرینگرسمیت پورے کشمیر میں گہری دُھند چھائی ہوئی تھی اوریخ بستہ برفیلی ہوائیں چل رہی تھیں۔ جھیل ڈل سمیت متعددآبگاہوں کے کچھ حصے اورپانی کی سپلائی لائن منجمد ہوئی تھیں۔ صبح کے وقت گہری دُھند ،کہرہ اوریخ بستہ ہوائیں چلنے کے باعث سری نگرسمیت وادی کے سبھی قصبہ جات میں بازار 9بجے اور10بجے کے درمیان ہی کھلے ۔ کشمیرکے10اضلاع میں رات کاکم سے کم درجہ حرارت اوسطاًمنفی4سے لیکر منفی6.6ڈگری سلیشیس ریکارڈکیاگیا۔محکمہ موسمیات کے مطابق سرینگر میں گذشتہ شب کا کم سے کم درجہ حرارت منفی5.0 ڈگری ریکارڈ ہوا جب کہ قاضی گنڈ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 4.0 تھا۔ گلمرگ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 6.0 جبکہ پہلگام میں منفی 6.6 ڈگری ریکارڈ کیا گیا۔سرحدی ضلع کپوارہ میں منفی 4.5 جبکہ ککر ناگ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 4.0 ڈگری ریکارڈ ہوا ۔خطہ لداخ کے قصبہ دراس میں گذشتہ شب کا کم سے کم درجہ حرارت منفی 24.6 ڈگری جبکہ ضلع کرگل میں 17.0 اور لیہہ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 16.4 ڈگری رہا۔
وادی میں شبانہ سردی کی شدت برقرار
