سرینگر// وادی کشمیر میں کورونا وائرس کے پیش نظر مکمل لاک ڈاؤن کے بیچ بدھ کے روز رک رک کر بارشوں کا سلسلہ جاری رہا ۔ادھر محکمہ موسمیات کی پیش گوئی کے مطابق وادی میں اگلے ایک ہفتے تک موسم مجموعی طور پر خشک رہنے کی توقع ہے۔سرینگرجموں شاہراہ پر گاڑیوں کی آمدورفت بدھ کو چھٹے دن بھی بند رہی اور ڈھلواس کے مقام شاہراہ کی عارضی بحالی کیلئے تعمیراتی کمپنیوں کی مشینری دن رات کام پر لگی ہوئی ہے۔ رام بن میں ٹریفک حکام کو امید ہے کہ بدھ رات دیر تک شاہراہ کو قابل آمدورفت بنانے کی ہرممکن کوشش کی جائے گی اور کشمیر کی طرف آنے والی مال بردار گاڑیوں اور ٹینکروں کو چلنے کی اجازت دی جائے گی۔ناشری ٹنل اور رامسو کے درمیان چھ روز سے شاہراہ کے بند ہونے کی وجہ سے دوہزار سے زائد مال بردار ٹرکیں درماندہ ہوگئی ہیں ۔ حکام کے مطابق رام بن بانہال سیکٹر کو منگل کی شام بحال کیا گیا تاہم مجموعی طور پر شاہراہ گذشتہ جمعہ سے بند ہے۔ ادھرگذشتہ روز سے بالائی و میدانی علاقوں میں بارشوں کا سلسلہ شروع ہوگیا جس کے دوران سونہ مرگ، ذوجیلا، گمری میں تازہ برفباری ہوئی۔اس دوران بارڈرروڈ آرگنائزیشن نے سونہ مرگ۔ ذوجیلا شاہراہ سے برف ہٹانے کا کام شروع کیا ہے۔