وادی میں بھاجپا کے صرف19امیدوار

 عظمیٰ نیوز سروس

سرینگر //بھارتیہ جنتا پارٹی(بی جے پی)نے 18 ستمبر سے شروع ہونے والے یونین ٹیریٹری کے لئے آنے والے تین مرحلوں کے انتخابات میں وادی کشمیر کی 47 اسمبلی سیٹوں میں سے صرف 19 پر مقابلہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔چونکہ جمعرات (12 ستمبر)انتخابات کے تیسرے مرحلے کے لیے نامزدگی داخل کرنے کی آخری تاریخ تھی، اس لیے بی جے پی نے فیصلہ کیا کہ وہ مزید امیدواروں کے ناموں کا اعلان نہیں کرے گی اور وادی میں 28 سیٹوں کو چھوڑ دے گی۔یہ فیصلہ اس وقت ہوا جب مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے اعلان کیا تھاکہ پارٹی جموں و کشمیر کی تمام 90 اسمبلی سیٹوں پر الیکشن لڑے گی۔قابل ذکر بات یہ ہے کہ بی جے پی نے لوک سبھا انتخابات میں وادی کی تینوں سیٹوں پر مقابلہ کرنا چھوڑ دیا تھا ۔ پارٹی کے اندرونی ذرائع نے کہا کہ یہ فیصلہ ایک “حکمت عملی” ہے کیونکہ اس سے وادی میں “کسی معجزے” کی توقع نہیں ہے۔کشمیر میں پارٹی کے 19 امیدواروں کی حتمی فہرست میں جنوبی کشمیر کی 16 اسمبلی نشستوں میں سے8، وسطی کشمیر کی 15 نشستوں میں سے 6 اور شمالی کشمیر کی 16 نشستوں سے 5 امیدوار شامل ہیں۔