سرینگر // بدھ کو وادی کشمیر میں اب تک کا سب سے زیادہ درجہ حرارت ریکارڈ کیا گیا۔ سرینگر میں درجہ حرارت32.8ڈگری سلسیش تھا جو ابتک کا سب سے زیادہ ہے۔جبکہ قاضی گنڈ میں 32.6،پہلگام میں 26.6 ،کپوارہ میں 33.3 اور گلمرگ میں 23.0ڈگری ریکارڈ کیا گیا ۔اُدھر جموں میںسورج آگ اُگل رہاتھا ۔جموں میں درجہ حرارت 42.9 ڈگری رہا ۔وادی میں شبانہ درجہ حرارت میں بھی اضافہ ہوا ہے۔سرینگر میں رات کا درجہ حرارت16.1 ڈگری ریکارڈ کیا گیا جو معمول سے1.3 ڈگری زیادہ ہے۔ دریں اثناء محکمہ موسمیات نے 18جون تک کہیں ہلکی تو کہیں درمیانہ درجے کی بارشوں کا امکان ظاہر کیا ہے۔محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ 18جون کو بارشوں کا زیادہ امکان ہے اور تب تک وادی میں صبح یا شام کو بارشیں ہوسکتی ہیں۔انہوں نے کہا کہ بدھ کی شام سے موسم نے ایک بار پھر کروٹ لی اور تیز ہوائیں شروع ہوئیں۔ اسکے بعد سرینگر میں ہلکی بوندا باندی اور جنوبی کشمیر کے کولگام ضلع میں کئی مقامات پر بارشیں ہوئیں۔ادھرمشتاق الحسن نے ٹنگمرگ سے اطلاع دی ہے کہ بابا ریشی میں تیز ہواہیں چلنے سے ایک رہائشی مکان کی چھت اڑ گئی۔بابا ریشی،گلمرگ اور ٹنگمرگ میں تیز رفتار ہوائیں چلنے سے درجنوں درخت اکھڑ گئے۔چونٹی پھتری بابا ریشی میں غلام قادر میر ولد مرحوم سبحان کے رہائشی مکان کی چھت اڑ گئی۔