سرینگر //مسلسل جھلسا دینے والی گرمی اہل وادی کے لوگوں کیلئے برداشت سے باہر ہوتی جا رہی ہے اور منگل کو سرینگر میں پارہ ایک بار پھر 34.6ڈگری ریکارڈ کیا گیا جبکہ کپوارہ میں 35 ڈگری اور کرگل میں 37ڈگری عبور کر گیا ۔منگل کو صبح سے ہی لوگوں کے پسینے چھوٹ رہے تھے کیونکہ محکمہ موسمیات کے مطابق منگل کو ہوا میں نمی کا تناسب 79فیصد تک جا پہنچا تھا ،جبکہ کپوارہ میں 85فیصد ریکارڈکیا گیا۔ محکمہ موسمیات کا مزید کہنا ہے کہ وادی کے کچھ ایک علاقوں میں اگلے 24گھنٹوں کے دوران ہلکی بارش ہو سکتی ہے جبکہ جموں میں گرج چمک کے ساتھ بارشیں ہونے کا امکان ہے اور یہ سلسلہ 30جولائی تک جاری رہ سکتا ہے ۔ محکمہ موسمیات کے ترجمان کے مطابق منگل کو قاضی گنڈ میں دن کا زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 32.6ڈگری تھااور ہوا میں نمی کا تناسب 88فیصد تھا۔ کپوارہ میں جھلسا دینے والی گرمی نے لوگوں کی پریشانیاں شدید بڑھا دی ہیں اور وہاں درجہ حرارت 35.2ڈگری تک جا پہنچا ہے اور وہاں پر ہوا میں نمی کا تناسب 85فیصد ریکارڈ کیا گیا ۔کوکرناگ میں 31.7ڈگری اور ہوا میں نمی کا تناسب 88فیصد درج ہوا ۔ اس سے اندازہ لگایا جا سکتا ہے کہ وادی کے سبھی علاقوں میں نمی کا تناسب 80فیصد سے زیادہ ہے اور سبھی علاقے شدید گرمی کی لہر کی لپیٹ میں ہیں۔ادھر جموں میں بارشوں کے بعد درجہ حرارت میں معمولی گراوٹ آئی ہے اور وہاں 30.5ڈگری درجہ حرارت ریکارڈ کیا گیا۔ وہاں 24گھنٹوں کے دوران4.6ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ۔محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ ان دنوں کرگل میں بھی لوگ جھلسا دینے والی گرمی کی گرفت میں ہیں اور انہیں شدید گرمی کی وجہ سے مشکلات پیش آرہی ہیں ۔محکمہ کا کہنا ہے کہ کرگل میں منگل کو دن کا زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 37.7ڈگری ریکارڈ کیا گیا ۔