اشرف چراغ
کپوارہ// ہندوارہ علاقہ کی وادی بنگس میں ایک المناک کار حادثہ میںسیر و تفریح کرنے والی 2 طالبات جاں بحق جبکہ 3افراد زخمی ہوئے۔یہ حادثہ اس وقت پیش آیا جب سرینگر سے تعلق رکھنے والا ایک گروپ بنگس کی سیر کے بعد واپس آرہا تھا۔پولیس کے مطابق پانتہ چھوک سرینگر سے تعلق رکھنے والے 5افراد جن میں دو لڑکیا ں بھی شامل تھیں، اپنی پرائیوٹ گا ڑی زیر نمبر JK01AH/0143 وادی بنگس کی سیر کے لئے نوگام ماور سڑک سے گئے اور دن بھر سیر کے بعد جب واپس ہندوارہ کی طرف نکلے تو ریشواری نوگام کے قریب گاڑی ڈرائیور کے قابو سے باہر ہو گئی اور ایک گہری کھائی میں جا گری ۔اطلاع ملتے ہی مقامی لوگ اور قلم آباد پولیس جائے موقع پر پہنچ گئی اور زخمیو ں کو گا ڑی سے نکال کر نزدیکی صحت مرکز میں دا خل کیا ۔جہا ں ڈاکٹر وںنے حال میں بنگلہ دیش سے چھٹی پر آئی ایم بی بی ایس طالبہ صبا شفیع دختر محمد شفیع بابااور علیزہ دختر ظہور احمد میر ساکنان پانتہ چھوک کو مردہ قرار دیا گیا ۔
گا ڑی کے ڈارئیور شبیر احمد اور نوران احمدنامی زخمیو ں کو ضلع ہسپتال ہندوارہ میں علاج و معالجہ کے لئے دا خل کیا گیا ۔پولیس نے دو نو ں لڑکیو ں کی لاشو ں کو اپنی تحویل میں لیا اور لواحقین کو خبر دی جس کے بعد تمام قانونی لوازمات پورے کرنے کے بعد لاشیں لواحقین کے حوالہ کی گئیں ۔واضح رہے کہ گزشتہ ایک ہفتے کے دوران کپوارہ ضلع میں سیر وتفریح پر آئے ہوئے 5سیلانی مختلف حادثات کے دوران اپنی جان کھو بیٹھے ہیں ۔اس سے قبل سرینگر سے تعلق رکھنے والے 3افراد کرناہ کی سیر کو گئے تھے اور ٹیٹوال کے قریب ایک پل کے نزدیک حادثہ کے دوران جاں بحق ہوگئے ۔اسی طرح دو روز قبل اننت ناگ کی ایک سکولی بس کو درنگیاری کے قریب حادثہ پیش آیا جسمیں 3افراد زخمی ہوئے ۔