اشرف چراغ
کپوارہ/شمالی ضلع کپوارہ کے لولاب وادی میں شبانہ جھڑپ کے دوران 1ملی ٹنٹ ہلاک کرنے کا دعویٰ کرتے ہوئے فوج نے کہا کہ علاقہ کو گھیرے میںلیا اور بڑے پیمانے پر تلاشی کاروائی جاری ہے۔ فوج کے چنار کور کا کہنا ہے کہ منگل کی رات کو فوج اور پولیس نے ایک خفیہ اطلاع ملی کہ مرگی لولاب کے جنگلی علاقہ میں ملی ٹنٹ موجود ہیںجس کے بعد علاقہ میں ایک تلاشی کاروائی شروع کی گئی ۔فوج کا کہنا ہے کہ جو ں ہی فوج نے تلاشی کاروائی شروع کی تو جنگل میں چھپے بیٹھے ملی ٹنٹوں نے ان پر فائرنگ کی جس کے جواب میں فوج نے طرفین کے درمیان جھڑپ میں 1ملی ٹنٹ کو ہلاک کیا ۔فوج نے بتایا کہ علاقہ کو گھیرے میں لیا اور فوج کی مزید کمک طلب کی گئی تاکہ علاقہ میں چھپے بیٹھے ملی ٹنو ں کی تلاش شروع کی جائے ۔سیکورٹی فورسز نے شمالی کشمیر کے کپوارہ ضلع کے لولاب علاقے میں ایک مسلح تصادم میں مارے گئے جنگجو کے سے ایک اے کے 47رائفل ، چار میگزین، 97لائیو راؤنڈ، دو ہینڈ گرنیڈ، ایک ٹیکٹیکل پاؤچ اور دوائیوں کی کٹ برآمد کی۔ سیکورٹی فورسز نے اس دوران علاقے میں کسی دوسرے عسکریت پسند کی موجودگی کے امکانات کو ختم کرنے کے لیے تلاشی مہم جاری رکھی۔فورسز کی ٹیم جس میں فوج کی 28آر آر، پولیس اور ملٹری انٹیلی جنس (ایم آئی) ونگ شامل تھے، نے منگل اور بدھ کی درمیانی شب ایک آپریشن شروع کیا تھا، جس کا اختتام ایک غیر ملکی عسکریت پسند کی ہلاکت کے ساتھ ہوا۔