واجب الادا رقومات کی عدم ادائیگی کا معاملہ| آج ٹھیکیداروں کی راج بھون چلو کال

سرینگر//واجب الادا رقومات کی عدم ادائیگی کے خلاف دربار منتقلی کے موقعہ پر تعمیراتی ٹھیکیداروں نے آج یعنی پیر کو ’’راج بھون چلو مارچ ‘‘کی کال دیتے ہوئے اس بات کی وضاحت کی ہے کہ انتظامیہ انکے مسائل کو حل کرنے میں ناکام ہوچکی ہے۔تعمیراتی ٹھیکیدار گزشتہ40روز سے واجب الادا رقومات کی عدم ادائیگی کے خلاف بر سر احتجاج ہیں جبکہ ٹھیکیداروں نے تعمیراتی کاموں اور ٹینڈروں کے بائیکاٹ کا اعلان کیا ہے۔ کنٹریکٹرس کارڈی نیشن کمیٹی کے چیئرمین غلام جیلانی پرزہ نے تمام ٹھیکیداروں سے اپیل کی ہے کہ وہ پیر کو راج بھون چلو مارچ میں شرکت کریں۔انہوںنے کہاکہ پیر کو راجباغ میں واقع انجینئرنگ کمپلکس سے10بجے کے قریب مارچ شروع کیا جائے گاجو راج بھون تک جائیگا ۔ غلام جیلانی پرزہ کا کہنا ہے کہ اگر چہ گزشتہ40روز کے دوران انہوں نے کئی چیف انجینئروں کے علاوہ گورنر کے مشیروں سے میٹنگیں کیںتاہم اس گورنر انتظامیہ کی طرف سے واجب الادا رقومات کی ادائیگی کو واگزار کرنے کیلئے کوئی ٹھوس اور معقول یقین دہانی نہیں کرائی گئی۔انہوں نے کہا کہ ٹھیکیداروں کی طرف سے ٹینڈروں اور تعمیراتی کاموں کے بائیکاٹ کی جو کال دی گئی ہے وہ تب تک جاری رہے گی،جب تک انکی واجب الادا رقومات کو واگزار نہیں کیا جائے گا۔