وائل پل مرمت کیلئے بند

گاندربل//ضلع انتظامیہ گاندربل نے حال ہی میں وائل پل کوضروری مرمت کے پیش نظرآمدورفت کیلئے بند کرنے کا اعلان کیالیکن نالہ سندھ کے آرپار بستیوں میں رہائش پذیر لوگوں کیلئے کوئی متبادل اختیار کرنے پر غور نہیں کیا گیا جس کی وجہ سے لوگوں میں ناراضگی پائی جارہی ہے۔مقامی لوگوں کے مطابق گوٹلی باغ،وائل وڈر، وائل،منیگام اوردرسوما سمیت آس پاس کے دیگر علاقوں کی آبادی کئی طرح کے مشکلات سے دوچار ہوگئی ہے۔ لوگوں کا کہنا ہے کہ انہیںروزانہ پیدل چل کر وائل پل پار کرنا پڑتا ہے۔انہوں نے کہا کہ مزدور پیشہ افراد،تاجراور بالخصوص طلاب آج کل ٹیوشن کیلئے منیگام جاتے ہیں، جنہیں نالہ سندھ جوتے نکال کر پار کرنا پڑتا ہے۔گوٹلی باغ کے ایک مقامی شہری شریف الدین نے بتایا ’’ میری دوکان بائی پاس پر موجود ہے اورروزانہ گھر سے پیدل چل کر دوکان تک پہنچتا ہوں لیکن ضلع انتظامیہ نے پل کو مرمت کے لئے بند کر دیا لیکن سینکڑوں افراد جو آس پاس کے علاقوں میں رہائش پذیر ہیں اور روزانہ پیدل چل کر وائل پل پار کرتے ہیں ان کے لئے کوئی بھی متبادل انتظام نہیں کیا گیا‘‘۔اس سلسلے میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر گاندربل نصیر احمد وانی نے کشمیر عظمیٰ کو بتایاکہ پیدل چلنے والوں کیلئے عارضی پل بنایا جائے گا۔