عاصف بٹ
کشتواڑ//ضلع کشتواڑ کے علاقہ کوچھن پنچایت لوہی داربی کے مقامی باشندوں نے انتظامیہ کے خلاف زبردست احتجاجی مظاہرہ کیا۔ مقامی لوگوں نے الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ علاقہ میں دورجدید میں بھی آمدو رفت کے لئے لوگ سڑک سے محروم ہیںجس کی وجہ سے مقامی لوگوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے خاص کر سکولی بچوں ،بزرگوں ،عورتوں اوربیماروں کو ہسپتال پہنچانے میں شدید دشواریوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ احتجاج کررہے لوگوں نے کہا کہ علاقے میں آج تک کوئی بھی تعمیر و ترقی کا کام عمل میں نہیں لایا گیا۔ علاقے کے لوگ زندگی کے تمام بنیادی ضروریات سے محروم ہیں۔ انہوں نے کہاکہ اگر چہ چند سال قبل محکمہ پی ایم جی ایس وائی کی جانب سے علاقے میں روڈ کاتعمیراتی کام شروع کیا تھا لیکن نامعلوم وجوہات کی بنا پر روڈ کا کام ادھورا چھوڑ دیا گیا۔ مقامی لوگوں نے الزام لگایا کہ کروڑوں روپے کی لاگت سے تعمیر ہو رہی سڑک کا کام ادھورا چھوڑ کر لوگوں کے لئے یہ وبال جان بن چکا ہے جبکہ ابھی تک لاکھوں روپے کی رقم سرکاری خزانے سے نکالی گئی تاہم روڈ کا کام مکمل نہیں ہو پایا ۔انہوں نے کہا کہ محکمہ پی ایم جی ایس وائی کے ملازموں اور مقامی ٹھیکیداروں کی ملی بھگت کی وجہ سے روڈ کا کام مکمل نہیں ہو پایا ہے جس کی بڑے پیمانے پر تحقیقات ہونی چاہیے۔ مقامی لوگوں نے ضلع انتظامیہ سے گزارش کرتے ہوئے کہا کہ علاقے میں سڑک کی تعمیر کیلئے جلداز جلد اقدام اٹھایا جاناچاہئے تاکہ علاقے کے لوگ راحت کا سانس لے سکیں۔