نیشنل کانفرنس کو اکٹھے چلنے کی میری کوشش اچھی نہیں لگی: محبوبہ مفتی

عظمیٰ ویب ڈیسک
سری نگر/پی ڈی پی صدر اور سابق وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی کا کہنا ہے کہ نیشنل کانفرنس کو ان کی طرف سے کی جانے والی اکٹھے چلنے کی کوشش اچھی نہیں لگی انہوں نے کہا: ‘ہم لوگوں کو اکٹھا چلنا چاہئے تاکہ ووٹ تقسیم کرنے کے لئے دلی کی طرف سے میدان میں اتارے جانے والے آزاد امید واروں کا توڑ کیا جا سکے۔ موصوفہ نے ان باتوں کا اظہار پیر کے روز جنوبی کشمیر کے ضلع اننت ناگ میں نامہ نگاروں کے ساتھ بات کرنے کے دوران کیا۔
عوامی اتحاد پارٹی اور جماعت اسلامی کے درمیان الائنس کے بارے میں پوچھے جانے پر انہوں نے کہا: ‘پی اے جی ڈی (پیپلز الائنس فار گپکار ڈیکلریشن) بنی تھی اور میں نے کوشش کی تھی کہ ہم لوگ اکٹھے چلیں لیکن بدقسمتی سے نیشنل کانفرنس کو یہ کوشش اچھی نہیں لگی۔
ان کا کہنا تھا: ‘اس (نیشنل کانفرنس) کو اقتدار کی ہوس اتنی زیادہ ہے کہ انہوں نے سوچا اگرہم کچھ سیٹیں کسی اور کو دیں گے تو اقتدار ہاتھ سے نکلے گا۔محبوبہ مفتی نے کہا کہ سیکولر پارٹیوں کو ایک ساتھ چلنا چاہئے۔انہوں نے کہا: ‘ہم لوگوں کو ایک ساتھ چلنا چاہئے تاکہ آزاد امید واروں کو جن کو دلی نے ووٹ تقسیم کرنے کے لئے اٹھایا ہے، کا توڑ کیا جا سکے۔