سرینگر//اگر ہم حق اور صداقت کی راہ پر گامزن ہیں تو ہم ضرور جموں وکشمیر کے عوام کے بنیادی جمہوری اور آئینی حقوق بحال کروانے میںکامیاب ہوجائیں گے اور ساتھ یہاں کے عوام کو موجودہ مشکل ترین اور ظلم وس تم کے دور سے باہر نکال سکیںگے۔ ان باتوں کا اظہار نیشنل کانفرنس صدر ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے پارٹی ہیڈکوارٹرپر سرکردہ پارٹی لیڈران کے علاوہ مختلف عوامی وفود ملاقات کے ساتھ تبادلہ خیال کرتے ہوئے کیا۔ ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے کہاکہ نیشنل کانفرنس نے ماضی میں سخت ترین چیلنجوں کا چٹان کی طرح مقابلہ کیا ہے اور موجودہ آزمائشوں کیخلاف بھی ڈٹ کر کھڑی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اللہ کے فضل و کرم اور لوگوں کے بے پناہ تعاون و اشتراک نے اس تنظیم کو سیسہ پلائی ہوئی دیوار بنایا ہے اور اس جماعت نے ہر وقت عوام کوہی طاقت کا سرچشمہ مانا ہے،اسی تنظیم کے انقلابی تاریخی فیصلوں کی بدولت یہاں کے مظلوم اور محکموم عوام کو عزت نفس، خدا اعتمادی اور خود اعتمادی کی زندگی میسر ہوئی۔ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے کہا کہ بدقسمتی نے نئی دلی نے ہر دور میں نیشنل کانفرنس کو کمزور کرنے کیلئے سازشیں رچائیں اور آج بھی جموں وکشمیر کی اس واحد عوامی نمائندہ جماعت کو زک پہنچانے کیلئے بے پناہ مذموم کوششیں جاری ہیں۔ ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے کہا کہ نیشنل کانفرنس جموں وکشمیر کے عوام آئینی حقوق کی بحالی کی جدوجہد کے ساتھ ساتھ یہاں کے عوام کے ناگفتہ بہہ حالت پر تشویش کا اظہار کرتی آئی ہے اورعوامی مسائل و مشکلات کا ازالہ کرنے کے مطالبے کے ساتھ ساتھ تینوں خطوں میں جاری غیر یقینت خصوصاً سیاسی انتشار اور خلفشار کو ختم کرنے کیلئے بھی ہر سطح پر آواز بلند کرتی آرہی ہے اور اس بات کی وکالت کرتی ہے کہ یہاں کے عوام کو عزت اور وقار سے جینے کا موقع فراہم کیا جائے۔ادھرنیشنل کانفرنس خواتین ونگ ضلع سرینگر کی مجلس عاملہ کا اجلاس خواتین ونگ صدر شمیمہ فردوس کی صدارت میں منعقد ہوا ، جس میں صوبائی صدر انجینئر صبیہ قادری اور ضلع سرینگر عہدیداران نے شرکت کی ۔ اجلاس میں تنظیمی امورات کے علاوہ لوگوں کو درپیش مسائل و مشکلات زبر بحث آئے اور شرکاء نے کہاکہ لوگوںکو بجلی، پانی اور راشن کی کمی کی ساتھ ساتھ دیگر مسائل و مشکلات کا سامنا ہے اور حکومت کی طرف سے عوام کی راحت رسانی کیلئے کچھ نہیں کیا جارہاہے۔ اجلاس میں نعیمہ اختر(کارپوریٹر) اور ایڈوکیٹ شیخ سائقہ کو ضلع سرینگرکی ورکنگ کمیٹی میں شامل کیا گیا۔ شمیمہ فردوس اور صبیہ قادری نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ نیشنل کانفرنس کا لائحہ عمل عوام کی خدمت کرنا ہے اور ہمیں ہر حال میں اس لائحہ عمل میں چلنا ہوگا۔