بلال فرقانی +عاصف بٹ
سرینگر+کشتواڑ// حالیہ اسمبلی انتخابات میں نیشنل کانفرنس اور کانگریس کے باغی 6آزاد امیدواروں نے اپنی نشستیں جیتیں ہیں اور وہ اپنی پارٹیوں میں واپسی کرنے جارہے ہیں۔اندروال حلقے سے حالیہ انتخابات میں بطور آزاد امیدوار کامیابی حاصل کرنے والے نیشنل کانفرنس کے باغی ، پیارے لال شرما ،نیشنل کانفرنس میں دوبارہ شمولیت اختیار کرنے کیلئے سرینگر پہنچ گئے ہیں، جہاں وہ نیشنل کانفرنس قیادت سے ملاقات کریں گے۔پیارے لال شرما کو کامیابی کے فوراً بعدنیشنل کانفرنس کی اعلیٰ قیادت کی جانب سے کال موصول ہوئی، جس میں انہیں دوبارہ پارٹی میں شامل ہونے کی دعوت دی گئی ہے۔۔اسکے علاوہ این سی کے باغی امیدوار ایڈوکیٹ شبیر احمد کلے (شوپیان)، چودھری محمد اکرم (سرنکوٹ)،مظفر اقبال خان( تھنہ منڈی)، رامیشور سنگھ(بنی)اور کانگریس کے باغی امیدوار ستیش شرما (چھمب)نے اپنے حریفوں کو شکست دے کر اپنی نشستیں جیتی ہیں اگر چہ ان اراکین نے اپنی پارٹیوں میں واپسی کے بارے میں کھل کر اظہار نہیں کیا ہے لیکن بتایا جاتا ہے کہ یہ سبھی آزاد اراکین چند روز کے اندر اپنی پارٹیوں میں واپسی کرنے جارہے ہیں اور انہوں نے اپنے حامیوں کو بھی اس بارے میں بتا دیا ہے۔نیشنل کانفرنس نائب صدر عمر عبداللہ نے بھی اس بات کا اعتراف کیا ہے کہ باغی آزاد اراکین کیساتھ انکے رابطے ہیں۔انہوں نے کہا’’الیکشن جیتنے والے کچھ آزاد امیدوار پہلے سے ہی ہمارے ساتھ رابطے میں ہیں اور وہ ہمارے ساتھ شامل ہوں گے اور ہم اپنی برتری میں اضافہ کریں گے‘‘۔