وزیر اعلیٰ کے ہاتھوں ٹرانسپورٹ بھون کا افتتاح
سرینگر //وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے کل سرینگر کے بمنہ میں نئے تعمیر شدہ ٹرانسپورٹ بھون کا افتتاح کیا جو جموں و کشمیر میں ٹرانسپورٹ ڈیپارٹمنٹ کے دفتری ڈھانچے کو مضبوط کرنے اور تمام ٹرانسپورٹ سے متعلق خدمات کو ایک چھت کے نیچے لانے کی جانب ایک اہم قدم ہے ۔ ان دفاتر کو ایک چھت کے نیچے لانے سے کارکردگی ، رابطہ کاری اور عوامی خدمات کی فراہمی میں بہتری متوقع ہے ۔ اس موقع پر وزیر اعلیٰ نے پی وی سی رجسٹریشن سرٹیفکیٹس بھی متعارف کرائے ۔ یہ ایک جدید اقدام ہے جو گاڑیوں کے مالکان کو پائیدار ، چھیڑ چھاڑ سے محفوظ اور آسان رجسٹریشن کارڈ فراہم کرنے کیلئے ڈیزائن کیا گیا ہے ۔ روائتی کاغذی فارمیٹ کو تبدیل کرتے ہوئے نئے پی وی سی کارڈز نہ صرف خدمات کے معیار کو بہتر بنائیں گے بلکہ غلط استعمال کو کم کرنے میں بھی مدد کریں گے ۔ پی وی سی رجسٹریشن سرٹیفکیٹس کے اجراء کے موقع پر آر ٹی او کشمیر نے اسے گاڑیوں کے مالکان کیلئے جدیدیت اور سہولت کی طرف ایک اہم قدم قرار دیا ۔افتتاحی تقریب میں وزیر ٹرانسپورٹ مسٹر ستیش شرما ، وزیر اعلیٰ کے مشیر ناصر اسلم وانی ، سیکرٹری ٹرانسپورٹ ، ٹرانسپورٹ کمشنر جموں و کشمیر ، ریجنل ٹرانسپورٹ آفیسر کشمیر کے علاوہ ٹرانسپورٹ ڈیپارٹمنٹ کے سینئر افسران اور حکام موجود تھے ۔ سہولت کا افتتاح کرنے کے بعد وزیر اعلیٰ نے عمارت کا دورہ کیا اور اس کے مختلف حصوں کا معائینہ کیا ۔ انہوں نے افسران اور عملے سے بات چیت کی ، ملازمین اور عام لوگوں کیلئے بنائی گئی سہولیات کا جائیزہ لیا ۔
یوسف پٹھان کیساتھ ملاقات
عظمیٰ نیوز سروس
سری نگر//رکن پارلیمان اور سابق کرکٹر یوسف پٹھان نے بدھ کے روز جموں و کشمیر کے وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ کے ساتھ ملاقات کی۔ اس موقع پر وزیر اعلیٰ نے یوسف پٹھان کے کرکٹ میں تعاون کو سراہا اور ان کی عوامی زندگی اور مستقبل کی کوششوں کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ یہ جانکاری وزیر اعلیٰ کے دفتر کے ‘ایکس’ ہینڈل پر ایک پوسٹ کے ذریعے فراہم کی گئی۔ پوسٹ میں کہا گیا: ‘ ممبر پارلیمنٹ اور سابق کرکٹر یوسف پٹھان نے وزیر اعلیٰ سے ملاقات کی’۔ پوسٹ میں مزید کہا گیا: ‘وزیر اعلیٰ نے ہندوستانی کرکٹ میں ان کے تعاون کو سراہا اور ان کی عوامی زندگی اور مستقبل کی کوششوں کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا’۔ یو این آئی۔