بلال فرقانی
سرینگر// شہر آفاق جھیل ڈل میں گزشتہ برسوں کے دوران آگ کی ہولناک واقعات میں متعدد ہوس بوٹوں کے خاکستر ہونے کے پس منظر میں انتظامیہ نے جھیل نگین میں ہفتہ کو پہلے آگ بجھانے والی کشتیوں کا افتتاح کیا۔ صوبائی کمشنر کشمیر پی کے پولے نے نگین میں ڈائریکٹر ٹورازم ڈاکٹر جی این ایتو اور ڈپٹی ڈائریکٹر فائر اینڈ ایمرجنسی سروسز کی موجودگی میں آگ بجھانے والی دو کشتیوں کا افتتاح کیا۔ اس موقعہ ہاوس بوٹ مالکان کی انجمنوں اور تجارت و سیاحتی محکمے اور محکمہ فائر اینڈ ایمرجنسی عملے سے وابستہ لوگ بھی موجود تھے۔ڈویژنل کمشنر نے ڈائریکٹر ٹورازم کشمیر اور ڈپٹی ڈائریکٹر فائر اینڈ ایمرجنسی سروسز کی موجودگی میں آگ بجھانے والی دو کشتیوں کا افتتاح کیا۔ تعینات اہلکاروں نے کشتیوں کی آگ بجھانے کی طاقت کا مظاہرہ کیا۔ ڈویژنل کمشنر کشمیر پی کے پولے نے کہا کہ اسمارٹ سٹی پروجیکٹ کے تحت خریدی گئی یہ آگ بجھانے والی کشتیاں کسی بھی حادثے سے لڑنے میں کافی مدد کریں گی اور نگین کلب میں تعینات فائر اینڈ ایمرجنسی سروس کے اہلکار اس سلسلے میں بہت مدد کریں گے۔ پولے نے مزید بتایا کہ ’’ڈل جھیل میں پہلے سے ہی چند کشتیاں رکھی گئی ہیں۔‘‘ڈائریکٹر ٹورازم ڈاکٹر جی این ایتو نے کہا’’ آگ بجھانے والی ان اکشتیوں کو نگین جھیل تک پہنچانے کیلئے چیئرمین نگین ٹورسٹ ٹریڈرز ایسوسی ایشن کی کوششوں کو سراہا جا رہا ہے۔انہوں نے اُمید ظاہر کی کہ آگ بجھانے والی کشتیاں اب متعلقین بالخصوص ہاس بوٹ مالکان میں راحت کا احساس پیدا کریں گی۔نگین ٹورسٹ ٹریڈرز ایسوسی ایشن کے چیئرمین منظور احمد وانگنونے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ’’حالیہ خوفناک آتشزدگی کے واقعات کے پس منظر میں، متعدد جائیدادیں خاکستر ہو گئیں، جس کے دوران آبی آگ بجھانے والی کشتیوں کی عدم موجودگی کو ہاس بوٹ کے مالکان نے بہت زیادہ محسوس کیا۔‘‘انہوں نے کہا کہ یہ اقدام ہاوس بوٹ کے مالکان کی کسی بھی ناخوشگوار واقعے کے دوران خاص طور پر آگ لگنے کی صورت میں مدد کرنے میں بہت اہم ثابت ہوگا۔کشمیر ہاس بوٹ اونرز ایسوسی ایشن کے ترجمان محمد یعقوب دون نے کہا کہ کئی ہاس بوٹ، جو کشمیر کے ورثے کا اہم حصہ ہیں، گزشتہ چند سالوں میں آتشزدگی کے واقعات میں جل کر خاکستر ہو گئے ہیں اورنگین جھیل میں آگ بجھانے کی سہولت قائم کرنا ہمارا دیرینہ مطالبہ تھا۔‘‘ کشمیر اکنامک الائنس کے چیئرمین اور ہاوس بوٹ اونرس ایسو سی ایشن کے سابق صدر محمد یوسف چاپری نے بھی ڈل میں آبی آگ بجھانے والی کشتیوں کو دستیاب رکھنے کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ ہاوس بوٹ مالکان کا یہ دیرینہ مطالبہ تھا۔گزشتہ3برسوں کے دوران جھیل ڈل میں آگ کی بھیانک واردات کے دوران قریب14 ہاوس بوٹ خاک میں تبدیل ہوئے جبکہ حالیہ واقعہ میں ایک کمسن بچی بھی آگ کی لپیٹوں میں آکر ابدی نیند سو گئی۔
نگین جھیل میں آگ بجھانے والی کشتیاں
