نکہ منجہاڑ ی لوہر میں بنیادی سہولیات کا فقدان

جاوید اقبال
مینڈھر //مینڈھرسب ڈویژن کی پنچایت نکہ منجہاڑی لوہرمیں لگ بھگ ہر طرح کی بنیادی سہولیات کی قلت کی وجہ سے عام لوگوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے ۔مکینوں نے بتایا کہ انتظامیہ کی جانب سے مذکورہ گائوں میں کوئی بھی بنیادی سہولیات فراہم نہیں کی جارہی ہیں جس کی وجہ سے مقامی لوگ قدیم طرز کی زندگی بسر کرنے کیساتھ ساتھ مشکل وقت میں کئی طرح کے مسائل کا سامنا کرنے پر مجبور ہیں ۔مقامی سر پنچ نے انتظامیہ کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاکہ گائوں میں رابطہ سڑک کی حالت انتہائی غیر معیاری ہوچکی ہے جس کی وجہ سے عام لوگوں و ٹرانسپورٹروں کی مشکلات میں اضافہ ہو گیا ہے ۔سرپنچ موصوف نے بتایا کہ سڑک کو معیاری بنانے کیلئے ایک ٹینڈر نکالا گیا تھا لیکن اس کے تحت کام ہی شروع نہیں کیا گیا جس کی وجہ سے عام لوگ روزانہ کئی کلو میٹر کی مسافت طے کر نے پر مجبور ہیں ۔انہوں نے بتایا کہ گائوں میں ایک واٹر سپلائی سکیم گزشتہ کئی برسوں سے مکمل ہی نہیں کی جارہی ہے ۔مقامی لوگوں نے انتظامیہ پر الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ مذکورہ واٹر سپلائی سکیم کو مکمل کروانے کے سلسلہ میں انہوں نے کئی مرتبہ متعلقہ حکام سے بھی رجوع کیا لیکن ابھی تک اس سلسلہ میں کوئی عملی قدم نہیں اٹھایا جارہا ہے ۔انہوں نے جموں وکشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر سے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ گائوں میں بنیادی سہولیات فراہم کرنے کیلئے متعلقہ حکام کو ہدایت جاری کی جائیں ۔