سرینگر//بجلی کی عدم دستیابی کیخلاف آزاد بستی نٹی پورہ کے لوگوںنے احتجاج کرتے ہوئے گاڑیوں کی نقل و حمل روک دی۔ آزاد بستی نٹی پورہ میں منگل کو لوگوں نے نٹی پورہ ۔نوگام بائی پاس روڑ کو بند کیا جس کی وجہ سے گاڑیوں کی بڑی تعداد درماندہ ہوکررہ گئیں۔ احتجاجیوں نے الزام عائد کیا کہ گذشتہ دو دنوں سے 2درجن علاقے بشمول بڈشاہ نگر، پمپوش کالونی اور بسم اللہ کالونی بجلی سپلائی سے محروم ہیں۔ لوگوں نے نوگام ریلوے اسٹیشن کی طرف جانے والی سڑکوں کوبھی بند کیا جس کی وجہ سے ٹریفک کی آمدو رفت معطل رہی اور متعدد گاڑیاں درماندہ ہوئیں۔ احتجاجی کسی بھی گاڑی کو چلنے کی اجازت نہیں دے رہے تھے۔ محکمہ بجلی کے خلاف زوردار نعرہ بازی کرتے ہوئے احتجاجیوں نے کہا کہ متعلقہ محکمہ کی غفلت شعاری کی وجہ سے انہیں سرد ترین راتوں کے ساتھ ساتھ تاریک راتوں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ گذشتہ دو ہفتوں سے انہیں 24 گھنٹوں کے دوران بمشکل ہی 4 گھنٹوں تک بجلی فراہم کی جاتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جب بھی متعلقہ گرڈ اسٹیشن سے رابطہ کیا جاتا ہے تو وہ مختلف بہانے بناکر ہماری فریاد نظر انداز کرتے ہیں۔ احتجاجیوں نے کہا کہ اسٹیشن والے زیادہ تربجلی کی کٹوتی کا ذمہ دار سوئچوں کو ٹھہرا کر اپنے آپ کو بری الذمہ کرتے ہیں۔ انہوں نے متعلقہ محکمہ پر الزام لگایا کہ وہ بابہ ڈیم فتح کدل سے مبینہ طور پر پرانے سوئچوں کو خرید تے ہیں جو غیر معیاری ہوتے ہیں جبکہ وہ اس کے عوض بھاری رقم نکالتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے علاقے کو گھپ اندھیرے میں رکھ کرجو بجلی بچائی جاتی ہے اس کو ان کالونیوں میں فراہم کیا جاتا ہے جہاں بڑے بیوروکریٹ اور اعلیٰ سرکاری افسران رہائش پذیر ہیں۔ اس سلسلے میں جب پی ڈی ڈی کے ایک عہدیدار سے رابطہ کیا گیا تو انہوں نے کہا کہ 'دراصل 11 ہزار کے وی ترسیلی لائن میں کچھ خرابی ہے جس کی وجہ سے بجلی کی فراہمی متاثر رہتی ہے تاہم اس کی مرمت کا کام جاری ہے'۔ احتجاجیوں نے بعدازں یہ یقین دہانی ملنے کے بعد کہ ' بجلی سپلائی کو فوری طور بحال کیا جائے گا، احتجاج ختم کیا۔