سرینگر // نٹی پورہ بازار میں ٹریفک جام روز کا معمول بن گیا ہے جس کی وجہ سے مسافروں کو آئے روز مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے ۔ شہر کے کئی دوسرے علاقوں کے ساتھ ساتھ نٹی پورہ بھی ایک ایسا ہی علاقہ ہے جہاں ٹریفک جام ایک معمول بن چکا ہے ۔صبح اور شام وہاں بدترین ٹریفک جام ہو تا ہے اور اس سے نپٹنے کیلئے متعلقہ محکمہ بے بس نظر آرہا ہے۔ مسافروں کا کہنا ہے کہ فلائی اوور کی تعمیر کے بعد کچھ حد تک ٹریفک میں بہتری آئی مگر جن گاڑیوں کو چھانہ پورہ ، نٹی پورہ ، نوگام ، باغ مہتاب اور کرالپورہ جانا ہوتا ہے ،وہ نٹی پورہ بازار میں پہنچ کر ٹریفک جام میں پھنس جاتی ہیں ۔مسافروں کاکہنا ہے کہ اس علاقے میں اگرچہ نٹی پورہ موڑ پر محکمہ کا ایک اہلکار موجود ہوتا ہے لیکن یہ اہلکار گاڑیوں کو کنٹرول نہیں کر پاتا جس کی وجہ سے وہاں ٹریفک جام لگ جاتا ہے ۔مسافروں کے مطابق محکمہ ٹریفک کے اہلکاروں کو اُس جگہ موجود ہونا چاہئے جہاں فلائی اوور کی حد ختم ہوتی ہے تاکہ نٹی پورہ کی طرف مڑنے والی گاڑیوں کو ایک قطار میں چلنے کا پابند بنایا جاسکے ۔ مقامی لوگوں نے محکمہ ٹریفک کے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا کہ نٹی پورہ میں ٹریفک جام پر کنٹرول پانے کیلئے اقدامات کئے جائیں تاکہ مستقبل میں یہاں ٹریفک جام پر قابو پایا جا سکے ۔ایس ایس پی ٹریفک سٹی نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ سڑک تنگ ہونے کی وجہ سے وہاں ٹریفک جام ہو جاتا ہے ۔انہوں نے کہا کہ محکمہ نے سڑک پر ڈیواڈر(divider )نصب کئے تھے تاہم سڑک کے تنگ ہونے سے اُن کے اوپر گاڑیاں چڑھ جاتی ہیں جس کی وجہ سے وہ بھی ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہو گئے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ جب تک سڑک کو کشادہ نہیں کیا جاتا ، ٹریفک جام پر قابو نہیں پایا جا سکتا ہے ۔