پٹن//شیر آباد کھور پٹن سے تعلق رکھنے والے نویں جماعت کے ایک طالب علم آرین خان نے ایک ڈرون تیار کرکے اپنی صلاحیت کا لوہا منوایا اور اس ڈرون کو 150 میٹر تک اڑایا۔انہوں نے اس ڈرون کو تیار کرنے کیلئے لکڑی اور دیگر الیکٹرانک اشیاء کا استعمال کیا ہے۔ آرین خان ولد محمد لطیف خان نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ یہ ڈرون فوٹو گرافی کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے اور یہ ہوا میں اڑتا اور فوٹوگرافی بھی کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس کو اڑانے کیلئے ایک ریموٹ کنٹرول استعمال میں لایا جاتا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ اس میں دس ہزار روپئے خرچ آیا ہے جو ان کے والدین نے برداشت کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ وہ مزید ایجادات کرنے کا شوق رکھتے ہیں۔آرین نے بغیر کسی استاد کے بغیر یہ کام انجام دیا۔انہوں نے کہاکہ وہ جب چھٹی جماعت میں زیر تعلیم تھا تب سے وہ کوئی نہ کوئی ایسی چیز بنانے کی کوشش میں لگا تھا تاہم کوئی خاص کامیابی نہ ملنے کے باوجود بھی اُس نے کوشش جاری رکھی ۔مذکورہ طالب علم محمدیہ ایجوکیشنل انسٹچوٹ کھور میں نویں جماعت میں زیر تعلیم ہے۔آرین کی اس کامیابی پران کے رشتہ داروں اور دوستوں میں خوشی کی لہر دیکھی جارہی ہے۔آرین کا کہنا ہے کہ وہ اس ڈرون کے ذریعے آگ بجھانے کا کام لینے کا بھی ارادہ رکھتے ہیں۔اُن کا کہنا ہے کہ وہ اس میں ایک پانی کا پمپ بھی لگائیں گے جس سے وہ کہیں پر بھی آگ بجھانے میں کام آ سکے۔