سرینگر//شہر سرینگر کی بیشتر رابط سڑکوں کی ناگفتہ بہہ حالت سے عوام میں سخت غم و غصہ اور ناراضگی پائی جارہی ہے۔نوہٹہ چوک سے گوجوارہ اورحول چوک تک سڑک کھنڈرات میں تبدیل ہوچکی ہے ۔ خستہ حال سڑکوں کی نہ ہی مرمت کا کام کیا جارہا ہے اور نہ ہی گزشتہ برس گرمیوں کے ایام میں میکڈیم بچھایاگیا۔نوہٹہ چوک سے لیکر حول چوک تک دو سے تین کلو میٹر رابطہ سڑک پر بڑے بڑے کھڈ موجود ہونے سے راہگیروں اور گاڑی چلانے والوں کو سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔ نوہٹہ چوک کے دکاندار سجاد احمد نے کشمیر عظمی کو بتایا کہ تاریخی جامع مسجد ہونے کے باوجود رابطہ سڑکیں جگہ جگہ اکھڑ چکی ہیں جس کی وجہ سے بڑے بڑے کھڈ بن جانے سے سڑکیں ناقابل آمدورفت ہوچکی ہیں۔ مذکورہ دکاندار نے کہاکہ گرمیوں کا موسم شروع ہوچکا ہے اور ابھی تک سڑک پر میکڈیم بچھانے کا کوئی منصوبہ نہیں ہے کم از کم کچھ مرمت ہی کردیتے تاکہ عبور و مرور میں کسی قسم کی مشکلات پیش نہ آئے۔ مقامی لوگوں نے سرکار سے مطالبہ کیا کہ سڑک پر جلد کام شروع کیا جائے۔