سرینگر/بلال فرقانی/ قومی صحت مشن کے کنٹریکچول ملازمین نے اپنی برطرفی کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا اور برطرف ملازمین کی خدمات جاری رکھنے کا مطالبہ کیا۔مظاہرین نے کہا’’ہم وہی ملازمین ہیں جنہوں نے سال 2019، 2020، اور 2021میں جب کووِڈ کا حملہ ہوا تو اپنے اہل عیال کی جانوں کو خطرے میں ڈالکر کام کیا۔ان کا کہنا تھا کہ تجربہ کار صحت ملازمین کو استعمال کرنے کے بجائے حکومت محکمہ تعلیم کے ملازمین کو استعمال کر رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ سرکار نے انکی مدت میں3ماہ کی توسیع کا اعلان کیا تھا تاہم توسیع کرنے کے بجائے انہیں برطرف کیا جا رہا ہے۔ مظاہرین نے الزام عائد کرتے ہوئے کہاکہ سرکار انہیں ردی کے کاغذات کے طور پر استعال کر رہی ہے۔انہوں نے سوالیہ انداز میں کہا کہ اگر کوویڈ کا خاتمہ ہوگیا ہے تو شبانہ کرفیو کیوں جاری ہے اور کویڈ رہنما خطوط کا نفاذ کیوں کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے سرکار سے اپیل کی کہ انکے معاہدوں میں توسیع کی جائے اور برطرف ملازمین کو بحال کیا جائے۔