حسین محتشم
پونچھ//سرحدی ضلع کے سرحدی گاؤں نونابانڈی پل تا انڈیا گیٹ سڑک مختلف مقامات پر خستہ حالی کا شکار ہے جس کی وجہ سے شہریوں کو کئی طرح کے مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔شہریوں نے سڑک کی خستہ حالی پر انتظامیہ کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے ضلع ترقیاتی کمشنر یاسین محمد چوہدری سے اپیل کی ہے کہ وہ ذاتی مداخلت کر کے سڑک کی مرمتی کا کام کروائیں۔شہریوں کے مطابق ساون کی طوفانی بارشوں کی وجہ سینونابانڈی پل سے انڈیا گیٹ سڑک کی خستہ حالی کی وجہ سے نالے کی صورت اختیار کر جاتی ہے جس کی وجہ سے مقامی عوام پریشان ہیں۔شہریوں کے مطابق ایک مقام پر کلورٹ بند ہونے کی وجہ سے نالے نے دوسری طرف رْخ کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ جس جانب پانی کا رخ مڑ گیا ہے اس جانب لوگوں کے مکان، زمینیں اور ایک قبرستان بھی ہے۔اگر جلد از جلد کچھ حل نہ نکالا گیا تو بہت بڑا نقصان ہونے کا خدشہ ہے۔انہوں نے مزید کہا تین دن ہو گئے ان لوگوں نے متعلقہ محکمہ کو اس جانب متوجہ کیا تھا لیکن ابھی تک کوئی کاروائی نہیں کی گئی۔انہوں نے کہا تاخیر ہونے کی وجہ سے اگر کسی کو نقصان ہوگیا تو اس کا زمہ دار کون ہوگا۔انہوں نے ضلع ترقیاتی کمشنر پونچھ سے اپیل کی ہے کہ وہ متعلقہ محکمہ تعمیرات عامہ کے ایکس ای این کو ہدایت کریں کہ وہ جلد از جلد اقدامات اٹھائیں تاکہ غریب عوام کا نقصان نہ ہو۔