نوشہرہ کے سمبل گائوں میں رابطہ سڑک تعمیر نہیں | برسوں سے عام لوگ پیدل سفر کرنے پر مجبور

رمیش کیسر

نوشہرہ //نوشہرہ سیری بلاک کے سمبل گاؤں میں سڑک جیسی سہولیت نہ ہونے کی وجہ سے 50 سے زائد کنبہ جات کو کافی مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ لوگوں نے بتایا کہ گزشتہ کئی برسوں سے رابطہ سڑک کے سلسلہ میں متعلقہ حکام سے رجوع کیاجارہا ہے لیکن آج تک کوئی عملی قدم نہیں اٹھایا گیا ہے جس کی وجہ سے مکینوں کی سزا جوں کی توں ہی برقرار ہے ۔مکینوں نے ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ سیری بلاک کے دور افتادہ سمپل گاؤں میں پکی سڑک کی سہولیت آزادی کے 75 برس گزر جانے کے بعد بھی مہیا نہیں کروائی گئی ہے جس کے باعث وہاں کے مقامی لوگوںکو کافی مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ مقامی لوگوں نے بتایا کہ ان کے نزدیکی گاؤں تک ایک پکی سڑک بن کر تیار ہو چکی ہے لیکن مذکورہ علاقہ کو یکسر نظر انداز کیاجارہا ہے ۔انہوں نے بتایا کہ کچے راستے میں برساتی موسم کے دوران کیچڑ ہونے کی وجہ سے آمد ورفت مزید متاثر ہو جاتی ہے ۔مقامی لوگوں نے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ گائوں کیلئے رابطہ سڑک تعمیر کی جائے تاکہ مکینوں کو درپیش مشکلات کم ہو سکیں ۔