نوشہرہ کمپالاموڑاکی 6کلو میٹر رابطہ سڑک کا حال بے حال

رمیش کیسر
نوشہرہ سب ڈویژن نوشہرہ کے سرحدی علاقہ کمپالا موڑامیں جانے والی رابطہ سڑک انتہائی خستہ حالی کا شکار ہو گئی ہے جس کی وجہ سے ایک وسیع علاقوں کی عوام کو دوران آمد ورفت شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے ۔مکینوں نے تعمیراتی ایجنسی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاکہ علاقہ میں جانے والے 6کلو میٹر رابطہ سڑک کو معیاری بنانے کیلئے کوئی عملی قدم گزشتہ کئی برسوں سے نہیں اٹھایا جارہا ہے جس کی وجہ سے 4سے زائد دیہات کی عوام کو دوران آمد ورفت مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے ۔پنچایتی اراکین و مقامی معززین نے محکمہ پی ڈبلیو ڈی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاکہ محکمہ کی جانب سے 6برس قبل رابطہ سڑک پر تار کول بچھائی گئی تھی لیکن انتہائی غیر معیاری کام کرنے کی وجہ سے سڑک کچھ ہی وقت میں کھڈوں میں تبدیل ہو گئی تھی لیکن درجنوں مرتبہ متعلقہ حکام سے رابطہ کرنے کیساتھ ساتھ مقامی انتظامیہ سے شکایت کرنے کے باوجود بھی ابھی تک سڑک پر دوبارہ سے تار کول بچھانے کیلئے کوئی عملی قدم نہیں اٹھایا جارہا ہے ۔غور طلب ہے کہ مذکورہ سڑک سرحدی علاقوں میں رسائی کا واحد ذریع ہے لیکن انتظامیہ اور متعلقہ محکمہ کی نا اہلی کی وجہ سے عام لوگوں کی مشکلات میں روز بروز اضافہ ہوتا جارہا ہے ۔مکینوں نے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ رابطہ سڑک کی جلدازجلد مرمت کروا کر تار کول بچھائی جائے تاکہ عام لوگوں کی مشکلات کم ہو سکیں ۔