رمیش کیسر
نوشہرہ//پینے کے صاف پانی کی سپلائی سے محروم خواتین نے منگل کے روز جل شکتی محکمہ کے دفتر کے باہر پہنچ کر مظاہرہ کیا۔ نوشہرہ قصبے میں گزشتہ کئی روز سے پینے کے پانی کی سپلائی متاثر ہے جس کے باعث وہاں کی خواتین کو پانی کی قلت سے دو چار ہونا پڑ رہا ہے ۔منگل کے روز کافی تعداد میں خواتین نے اکٹھا ہو کر جل سکتی محکمہ نوشہرہ کے دفتر کے باہر زوردار مظاہرہ شروع کر دیا اور محکمہ کے اعلیٰ حکام کے خلاف جم کر نعرے بازی بھی شروع کر دی ۔احتجاجی خواتین نے الزام لگاتے ہوئے کہا کہ محکمہ کے حکام غفلت کی نیند سوئے ہوئے ہیںاور صرف دفتروں میں بیٹھ کر کاغذی کاروائی پوری کرتے ہیں جبکہ انہیں یہ معلوم نہیں کہ لوگوں کو پانی بھی مل رہا ہے یا نہیں۔ ان خواتین نے یہ بھی کہا کہ بجلی ہونے کے باوجود بھی انہیں پانی سے اپلائی سے محروم رکھا جا رہا ہے، اس شدت کی گرمی میں پانی کہاں سے لاکر گزارا کریں ۔انہوں نے محکمہ کہ جونیئر انجینیئر کو انتبا دیتے ہوئے کہا کہ اگر منگل کی شام تک پانی کی سپلائی بحال نہ کی گئی تو بدھ کے روز ان کے دفتر میں تالابندی کریں گی اور پورے سٹاف کویرغمال بھی بنایا جائے گا ۔جونیئر انجینیئر نے خواتین کو یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ پانی کی سپلائی کو بحال کرنے کے لیے ضروری اقدام اٹھائے جائیں گے۔