نوشہرہ //محکمہ بجلی کے عارضی ملازمین نے اپنے مطالبات کے حق میں نوشہرہ چوک میں احتجاجی دھرنادیا۔اس دوران مظاہرین نے اپنی مانگوں کے حق میں نعرے بازی کی اورحکومت سے پرزورمطالبہ کیاکہ ہماری جائزمانگوں کوفوری طورپرپوراکیاجائے۔تفصیلات کے مطابق محکمہ بجلی کے درجنوں عارضی ملازمین نے اپنے دفترسے ایک ریلی نکالی اورمین چوک نوشہرہ میں دھرنادیا۔اس دوران سراپااحتجاج عارضی ملازمین اپنی مانگوں کے حق میںنعرے بلندکررہے تھے۔ اس موقعہ پر مقررین نے کہاکہ گزشتہ چاربرسوں سے انہیں ماہانہ تنخواہ نہیں ملی ہے اورعرصہ درازسے محکمہ میں کام کرنے کے باوجود مستقل نہیں کیاجارہاہے ۔انہوں نے کہاکہ ہم گورنرانتظامیہ سے مانگ کرتے ہیں کہ ہمیں فوری طورپرمستقل کیاجائے اورواجب الاداتنخواہ کی واگزاری یقینی بنائی جائے۔ اس دوران ملازمین کے دھرنے کی وجہ سے آدھے گھنٹے تک نوشہرہ چوک میں آمدورفت ٹھپ رہی ۔بعدازاں ایس ایچ اومتعلقہ امین ملک نے موقعہ پرپہنچ کرملازمین سے بات چیت کی اورانہیں یقین دلایاکہ آپ کی مانگوں کے بارے میں اعلیٰ حکام سے بات کی جائے گی۔ اس دوران ایک میمورنڈم بھی نائب تحصیلدارغلام حسین کوپیش کیاگیا۔