نوشہرہ//محکمہ پی ایچ ای میں عارضی بنیادوں پرتعینات ملازمین نے اپنی مانگوں کے حق میں نوشہرہ میں چوتھے روزبھی احتجاجی مظاہرہ کیا۔گزشتہ روز پی ایچ ای کے عارضی ملازمین نوشہرہ پی ایچ ای ڈویژن میں جمع ہوئے اورانہوں نے اپنی مانگوں کے حق میں نعرے بازی شروع کردی اوراحتجاج کیا۔اس دوران مظاہرین مانگ کررہے تھے کہ عرصہ سات سال کی معیادپوری کرکے ملازمین کومستقل کیاجائے اورگزشتہ 48 مہینوں کی تنخواہ جوواجب الاداہے کوفوری طورواگزارکیاجائے ۔اس دوران یونین کے صدرشام لال نے بھی دھرنے پربیٹھے ملازمین سے خطاب کیااورگورنرانتظامیہ سے مانگ کی کہ پی ایچ ای کے عارضی ملازمین کے جائزمطالبات پورے کیے جائیں۔ انہوں نے کہاکہ تنخواہیں نہ ملنے اورخدمات کی مستقلی نہ ہونے کی وجہ سے ڈیلی ویجروں کے اہل وعیال فاقہ کشی پرمجبورہورہے ہیں۔اس دوران مظاہرین نے گورنرانتظامیہ سے مانگ کی کہ پی ایچ ای ڈیلی ویجروں کی مانگوں کوجلدازجلدپوراکیاجائے۔