نوشہرہ میں پانی کی قلت کے خلاف خواتین کادھرنا

 سرینگر // صورہ ، نوشہرہ اور دیگرملحقہ علاقوں میں پچھلے ایک سال سے پانی کی ناقص سپلائی کے خلاف جمعرات کو لوگوں نے دھرنا دیا اور متعلقہ محکمہ کے خلاف احتجاج کیا ۔ نوشہرہ میں مقامی لوگوں نے بتایا کہ پچھلے ایک سال سے زائد عرصے سے علاقے میں پانی کی شدید قلت ہے اور لوگ پینے کے صاف پانی کو ترس رہے ہیں۔ احتجاجی دھرنے پر بیٹھی خواتین نے بتایا کہ انہیں سردی کے موسم میں کئی کلو میٹر دور چل کرپانی لانا پڑتا ہے۔ نظہت نامی ایک لڑکی نے بتایا ’’ صورہ ، نوشہرہ اور اس کے متصل علاقوں میں رہنے والے لوگوں کوجدید دور میں برتنوں سے پانی لانا پڑ رہا ہے‘‘۔نظہت نے بتایا کہ مقامی لوگوں نے محکمہ پی ایچ ای اور دیگر متعلقہ افسران کے ساتھ پانی کی عدم دستیابی کا مسئلہ اٹھایا لیکن متعلقہ محکمہ یقین دہانیوں کے سوا کچھ بھی نہیں کررہا ہے۔نوشہر میں دھرنے کی وجہ سے کئی گھنٹوں تک صورہ اور اس کے متعلقہ علاقوں میں ٹریفک جام رہاجسکی وجہ سے گاڑی میں سفر کرنے والوں لوگوں کو سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑا ہے۔