نوشہرہ//میلادالنبی ؐ کے سلسلہ میں نوشہرہ میں جشن منانے کیلئے جلوس محمدی ؐ کااہتمام کیاگیاجس میں علاقہ کے سینکڑوں لوگوں نے شرکت کی ۔جلوس کے بعدعظیم الشان میلادالنبی ؐ کانفرنس منعقدہوئی جس میں سیرت طیبہ ؐ پرعلماء کرام نے روشنی ڈالی۔ تفصیلات کے مطابق بس اڈہ نوشہرہ سے جشن میلادالنبی ؐ کاجلوس شروع ہوا جوبازارسے گزرتاہوا مغل کمپلیکس پہنچ کراختتام پذیرہوا۔ اس سلسلے میں لوگوں کی بھاری تعدادنے جلوس میں شرکت کی۔اس دوران جلوس میں شامل عاشقان ِ رسول نے نعرہ کبیراوراللہ اکبرکے نعرے بلندکئے ۔اس موقعہ پرعلمائے کرام مولانامحمدفاروق ومولاناوجاہت حسین قادری نے حضوراکرم ؐ کی سیرت مبارکہ پرتفصیلی خیالات کااظہارکیا۔اس موقعہ پرمقررین نے کہاکہ آنحضرت محمدؐ جیسی شخصیت نہ ان سے پہلے پیداہوئی تھی اورنہ قیامت تک پیداہوگی۔ انہوں نے سرکاردوعالم حضرت محمدؐ کی سیرت مبارکہ پر عمل کو دنیاوآخرت کی کامیابی کامدارقراردیتے ہوئے مسلمانوں سے اپیل کی کہ وہ اسلامی تعمیلات پرعمل کرکے دنیامیں امن وامان بحال رکھیں۔علماء کرام نے کہاکہ حضورؐنے انسان کو گناہوں سے دوررہنے کادرس دیاہے۔انہوں نے کہاکہ حضرت پاک ؐ کافرمان ہے کہ جواپنے لیے پسندفرمائووہی اپنے بھائی کیلئے بھی پسندکرو، مشکل کے وقت صبرکرو۔انہوں نے کہاکہ جودرس حضرت محمدؐ نے دیاہے و ہ لامثال ہے ۔انہوں نے کہاکہ جوپیغام اللہ نے قرآن میں بنی نوع انسان کی فلاح کیلئے دیاہے وہ کسی مذہب میں نہیں ملتاہے۔انہوں نے دنیاکوامتحان کی جگہ قراردیتے ہوئے کہاکہ آخرت ہی اصل مقام اورحقیقت ہے ۔انہوں نے عوام الناس سے کہاکہ اگروہ آخرت سنوارناچاہتے ہیں توحضرت محمدؐکی تعلیمات پرعمل پیراہوں۔ اس دوران ریاست اورملک میں امن وامان کی بحالی کیلئے خصوصی دعائیں کی گئیں۔ آخرمیں شاہی مغلیہ مسجدنوشہرہ کے امام وخطیب مولانا محمدذاکرنے آئے ہوئے علماکرام ودیگرلوگوں کاشکریہ اداکیا۔