نوشہرہ سیکٹر میں دراندازی کی کوشش،2ملی ٹینٹ ہلاک

سمیت بھارگو

راجوری// راجوری ضلع میں نوشہرہ کے لام علاقے میں لائن آف کنٹرول(ایل او سی)پر دراندازی کی کوشش ناکام بناتے ہوئے دو بھاری ہتھیاروں سے لیس ملی ٹینٹوں کو ہلاک کیا گیا اور انکی تحویل سے تین رائفلیں اور دیگر جنگی سامان بر آمد کیا گیا۔ایک سرکاری بیان میں، فوج نے کہا کہ جموں و کشمیر پولیس کے ساتھ مشترکہ آپریشن میں، فوج نے نوشہرہ سیکٹر میںملی ٹینٹوں کی دراندازی کی کوشش کو کامیابی سے ناکام بنا دیا۔انہوں نے کہا ’’30 اگست کے بعد سے انٹیلی جنس معلومات موصول ہوئیں جو نوشہرہ سیکٹر کے سامنے ملی ٹینٹوں کی موجودگی کی نشاندہی کررہی تھیں‘‘ ۔ فوج نے مزید کہا کہ دراندازی کے تمام ممکنہ راستوں کو نگرانی میں رکھا گیا ہے۔انہوں نے کہا”زمین پر مبنی دفاعی نوعیت کے مقامات سمیت دیگر علاقوں کو فضائی نگرانی میں رکھا گیا ہے” ۔فوج نے مزید کہا کہ علاقے پر تسلط گشت بھی زیادہ تعداد کے ساتھ کیا گیا اور ملی ٹینٹوں کی دراندازی کو روکنے کے لیے اہم خطوں کے مقامات پر فوجیوں کو تعینات کیا گیا ہے۔انہوں نے کہا ’’8 ستمبر 2024 کی رات، تقریبا ً07:30 پر، نگرانی کی ٹیموں نے علاقے میں چند افراد کی مشتبہ نقل و حرکت کا پتہ لگایا اور اور انکی تلاش کا کام شروع کیا۔ اس دوران طرفین کا آمنا سامنا ہوا جس کے نتیجے میں طرفین کے مابین فائرنگ کا شدید تبادلہ ہوا‘‘۔ان کا مزید کہنا تھا کہ فائرنگ کا تبادلہ رات بھر جاری رہا۔فوج نے کہا”ملی ٹینٹوں کو نگرانی میں رکھنے کے لیے UAVs، رات کے کیمرے اور دیگر نگرانی کے آلات تعینات کئے گئے اور 2 ملی ٹینٹوںکو فائرنگ کے تبادلے میں بے اثر کر دیا گیا ” ۔اس نے مزید کہا کہ9 ستمبر 2024 کو پہلی روشنی کی کرن میں، کسی بھی باقی خطرے کے علاقے میں تلاشی کارروائی کی گئی۔فوج نے کہا”دو AK-47 رائفلز، ایک M-4 رائفل اور ایک پستول سمیت دیگر جنگی ذخیرہ برآمد ہوا ہے” ۔