نوشہرہ//نوشہرہ کے کلسیاں سیکٹر میں پاکستانی فوج کی گولہ باری سے بھارتی فوج کا ایک جے سی او ہلاک ہوگیا۔ دفاعی حکام نے بتایاکہ پاکستانی فوج نے صبح 6بجے نوشہرہ کے کلسیاں سیکٹر کی اگلی چوکیوں کو نشانہ بناکر گولہ باری کی جس کے نتیجہ میں فوج کی فسٹ سکھ ریجمنٹ کا نائب صوبیدار( جونیئر کمیشنڈ آفیسر) راج ویر سنگھ ساکن موگا پنجاب موقعہ پر ہی ہلاک ہوا۔دفاعی ترجمان نے بتایاکہ اس برس پاکستانی فوج کی طرف سے نوشہرہ سیکٹر میں 204مرتبہ سیز فائر معاہدے کی خلاف ورزیاں کی گئیں ہیں۔ انہوں نے بتایاکہ اتوار کے روز کی گئی گولہ باری کا بھارتی فوج نے بھی بھرپور جواب دیا۔دریں اثناذرائع نے بتایا’’اگلی چوکیوں پر تعینات فوج کے اہلکاروں نے ایل او سی کے سامنے کچھ لوگوں کی مشکوک حرکت دیکھی جس کے بارے میں خدشہ ہے کہ وہ ان عسکریت پسندوں کا ایک گروہ ہے جو دراندازی کی کوشش کر رہے تھے یا بارڈر ایکشن ٹیم (بی اے ٹی) کا گروپ ،جو فوج کے جوانوں پر اچانک حملے کر تاہے‘‘۔ذرائع بتایا کہ مشکوک نقل و حرکت کے بعد ہائی الرٹ جاری کردیاگیاہے۔