نوشہرہ حد متارکہ پر تازہ دراندازی کا واقعہ

سمت بھارگو
راجوری//نوشہرہ کے لام علاقے میں لائن آف کنٹرول پر ہونے والی دراندازی کی حالیہ کوشش کے پیش نظر راجوری اور پونچھ اضلاع میں حفاظتی انتظامات کو مضبوط کر دیا گیا ہے اور خفیہ ایجنسیوں نے آنے والے دنوں میں دراندازی کی کوششوں میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔عہدیداروں نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ ایل او سی پر حالیہ دراندازی کی کوشش کو مدنظر رکھتے ہوئے ایک تازہ سیکورٹی الرٹ جاری کیا گیا ہے جس میں چھ روز قبل فوج کی فائرنگ میں ایک جنگجو مارا گیا تھا۔انہوں نے بتایا کہ اس دن لائن آف کنٹرول سے جو گروپ دراندازی کی کوشش کر رہا تھا اس میں 3 سے 4 عسکریت پسند ہونے کی توقع ہے جو دراندازی کی کوشش کر رہے تھے لیکن فورسز نے ان کی کوشش کو بروقت روک کر ناکام بنا دیا۔انہوں نے مزید کہا کہ اس تازہ کوشش کو لانچ پیڈز پر عسکریت پسندی کی نقل و حرکت میں ممکنہ اضافے کے بارے میں فورسز کی طرف سے جاری کردہ سابقہ انتباہات کے واضح حوالہ کے طور پر لیا جا رہا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ انٹیلی جنس سیٹ اپ نے اب آنے والے دنوں میں مزید دراندازی کی کوششوں کے امکان کے بارے میں ایک تازہ خدشہ ظاہر کیا ہے۔سرکاری ذرائع کے مطابق بہت زیادہ خدشہ ہے کہ آنے والے وقت میں مزید دراندازی کی کوششیں کی جا سکتی ہیں جس سے ایل او سی پر صورتحال مزیدسخت ہو سکتی ہے ۔انہوں نے مزید کہا کہ اس تازہ الرٹ کو مدنظر رکھتے ہوئے فیلڈ فورسز نے کسی بھی ممکنہ دراندازی کی کوشش کو ناکام بنانے کیلئے ایل او سی اور اندرونی علاقوں دونوں پر چوکسی کو مزید بڑھا دیا ہے۔