رمیش کیسر
نوشہرہ //نوشہرہ کے مرکزی بس سٹینڈ پر مسافر ویٹنگ شیڈ نہ ہونے کی وجہ سے مسافر بارش اور دھوپ میں کھلے آسمان تلے کھڑے رہنے پر مجبور ہیں۔قابل ذکر ہے کہ میونسپل کمیٹی نوشہرہ کی جانب سے 4 سال قبل مسافر ویٹنگ شیڈ تعمیر کیا گیا تھا جو تقریباً 60 سال پرانا تھا، جو پہلے بنایا گیا تھا اسے گرا کر وہاں دکان بنائی گئی، اس کے بعد ابھی تک وہاں کوئی مسافر خانہ نہیں بنایا گیا، جس کی وجہ سے گاڑیوںکا انتظار کرنے والے مسافر کھلے آسمان تلے کھڑے رہنے پر مجبور ہیں۔دکاندار بھی دھوپ اور بارش میں لوگوں کو اپنی دکانوں پر نہیں بیٹھنے دے رہے ہیں۔راکیش کمار ،ستنام سنگھ ،پشپا دیوی، رضیہ بیگم ،کمل سنگھ وغیرہ نے بتایا کہ میونسپل کمیٹی نوشہرہ نے مسافروں کو بیٹھنے کی کوئی سہولت فراہم نہیں کی۔ جس کی وجہ سے لوگوں کو چلچلاتی دھوپ اور بارش میں کھڑا ہونا پڑتا ہے۔ان لوگوں نے یہ بھی بتایا کہ اگر کمیٹی کی جانب سے برسوں پرانا مسافر شیڈ گرایا جاتا تو اس کی جگہ دوسرا شیڈ بنایا جانا چاہیے تھا لیکن میونسپل کمیٹی نے ایسا نہیں کیا جس کی وجہ سے روزانہ بازار آنے والے سینکڑوں افراد کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔انہوں نے ڈائریکٹر لوکل باڈیز جموں سے مطالبہ کیا ہے کہ مسافروں کی مشکلات کے پیش نظر ایک مسافر خانہ تعمیر کیا جائے ۔