عاصف بٹ
کشتواڑ //ضلع کشتواڑ سے تعلق رکھنے والی کم عمر معروف گلوکارہ سمرِدھی سین کو ماسٹر سنسار چند بارو میموریل چیریٹیبل ٹرسٹ کی برانڈ ایمبیسیڈر مقرر کیا گیا ہے۔ یہ اعزاز انہیں موسیقی کے میدان میں غیر معمولی کامیابیوں اور خطے کی بھرپور ثقافتی وراثت کو ملک و بیرونِ ملک فروغ دینے کے اعتراف میں دیا گیا ہے۔ سمرِدھی سین ایک باصلاحیت کلاسیکل اور نیم کلاسیکل گلوکارہ ہیں، جو جموں و کشمیر کی ابھرتی ہوئی نوجوان فنکاروں میں نمایاں مقام رکھتی ہیں۔ اپنی دلکش آواز اور بہترین کارکردگی کے ذریعے انہوں نے قومی سطح کے بڑے پلیٹ فارمز پر اپنی پہچان بنائی ہے اور کشتواڑ کا نام روشن کیا ہے۔ کم عمری کے باوجود سمرِدھی نے موسیقی کی دنیا میں ایک منفرد مقام حاصل کیا ہے۔ کشتواڑ کی خوبصورت وادیوں سے نکل کر قومی و بین الاقوامی سطح تک پہنچنے کا ان کا سفر محنت، لگن اور صلاحیت کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ انہوں نے متعدد قومی و بین الاقوامی مقابلوں میں طلائی تمغے جیتے ہیں اور کئی اہم اعزازات اپنے نام کیے ہیں۔ مختلف ٹی وی ریئلٹی شوز میں شرکت کے ذریعے بھی انہوں نے اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا ہے۔ ٹرسٹ کی صدر انورادھا رشی نے اس موقع پر کہا کہ سمرِدھی سین نہ صرف ایک باصلاحیت گلوکارہ ہیں بلکہ نوجوان نسل کے لیے ایک روشن مثال بھی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سمرِدھی نے اپنی محنت اور صلاحیت کے ذریعے کشتواڑ اور جموں و کشمیر کا نام قومی و بین الاقوامی سطح پر روشن کیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ٹرسٹ تعلیم، ثقافت، فنون اور سماجی خدمات کے میدان میں نوجوان صلاحیتوں کی حوصلہ افزائی کے لیے پُرعزم ہے اور سمرِدھی کی شمولیت سے اس مشن کو مزید تقویت ملے گی۔سمرِدھی سین نے اس اعزاز پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ خود کو اس ذمہ داری کے لیے قابلِ فخر سمجھتی ہیں اور مستقبل میں بھی اپنی موسیقی کے ذریعے ملک اور اپنے علاقے کا نام روشن کرنے کے لیے بھرپور محنت جاری رکھیں گی۔