نیوز ڈیسک
سرینگر//لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے یوتھ کلبوں کو جموں و کشمیر کی ترقی کے سفر میں ایک اہم معاون قرار دیا ، جو نوجوانوں کو خود دریافت اور خود کی ترقی کے قابل بناتے ہیں ۔ لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ یوتھ کلب نوجوان نسل کو معاشرے میں اپنا حصہ ڈالنے اور خود کو ترقی دینے کا موقع فراہم کرتے ہیں، نوجوان ہماری سب سے بڑی امید ہیں اور وہ نہ صرف حکومت کی مختلف روز گار اور خود روز گار اسکیموں کے بارے میں بیداری پیدا کر رہے ہیں بلکہ جموں و کشمیر یو ٹی کے نوجوانوں اور خواتین کو اپنے خوابوں کے تعاقب کیلئے متحد کر رہے ہیں ۔پنچائتوں اور ضلعی انتظامیہ کے پُر جوش اور متحرک شراکتداروں کے طور پریہ کلب اس بات کو یقینی بنا رہے ہیں کہ گورننس کو نچلی سطح تک موثر طریقے سے پہنچایا جائے ۔ انہوںنے کہا ’’ سماجی خدمت کیلئے نوجوانوں کا عزم ، قومی یکجہتی ترقی یافتہ جموں و کشمیر کی بنیاد فراہم کرتی ہے ۔ یہ کلب نہ صرف اپنی ساخت کی وجہ سے بلکہ مختلف شعبوں میں قیادت فراہم کرنے اور کاروباری عزم کی وجہ سے بھی منفرد ہیں ۔ 74000 سے زیادہ ممبران ہزاروں دیگر کیلئے امید کی کرن بن چکے ہیں ۔ نوجوان اب فعال شراکت دار ہیں ، ایک پُر امن اور خوشحال جموں و کشمیر کی تعمیر کے عمل میں فعال حصہ لینے والے ہیں ۔ لیفٹیننٹ گورنر نے مزید کہا کہ معاشی ترقی کیلئے معیاری انسانی وسائل کی ضرورت ہوتی ہے اور حکومت نے ملک کیلئے ہنر مند افرادی قوت کا ایک بڑا ذخیرہ فراہم کرنے کیلئے مختلف اقدامات کئے ہیں ۔ 20 اضلاع کے 74771 سے زائد نوجوانوں نے یوتھ کلبوں میں شمولیت اختیار کی ہے ، جو نوجوانوں کو حقیقی چیلنجز سے نمٹنے اور بامقصد تبدیلی لانے کا موقع فراہم کرنے میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں ۔ 20 اضلاع میں کل 4522 یوتھ کلب بنائے گئے ہیں جن میں سب سے زیادہ 9000 نوجوانوں نے پونچھ ضلع میں داخلہ لیا ہے ۔ ان یوتھ کلبوں کے اراکین کا مقصد مختلف مشن یوتھ اسکیموں کیلئے بیداری اور متحرک کرنے کے علاوہ ہم مرتبہ ماڈیولیٹر اور محرک کے طور پر کام کرنا ہے ۔یوتھ کلبوں کو ان کی سرگرمیوں میں مدد کیلئے گرانٹ ان ایڈ کی صورت میں خصوصی مراعات بھی فراہم کی جاتی ہیں ۔