ووٹ ڈال کر دکھایا کہ بندوق اور پتھر پر یقین نہیں رکھتے:سنہا
سرینگر// لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نےکہا کہ جموں و کشمیر میں پرامن انتخابات کا انعقاد اور حالیہ ترقی اس حقیقت کا ثبوت ہے کہ مرکز کے زیر انتظام علاقہ اب ’’اپنے ماضی کو بھول کر ایک نئی تاریخ رقم کرنے میں مصروف ہے‘‘۔مہاتما گاندھی کی یوم پیدائش’گاندھی جینتی‘ کے موقع پر راج بھون میں ایک اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے ایل جی نے کہا کہ اسمبلی انتخابات میں تاریخی شرح رائے دہی دیکھا گیا کیونکہ وہ پورے یوٹی میں پرامن طریقے سے منعقد ہوئے۔ایل جی نے کہا ’’سیاسی جماعتوں کے امیدوار آدھی رات تک سیاسی جلسوں اور روڈ شوز میں مصروف رہے،امیدواروں کے ساتھ ساتھ ووٹروں میں زبردست جوش و خروش دیکھا گیا” ۔انہوں نے کہا کہ 1.40کروڑ لوگوں نے ریکارڈ تعداد میں ووٹ ڈال کر جموں و کشمیر میں جمہوریت کو مضبوط کرنے میں اپنی بڑی دلچسپی ظاہر کی۔ایل جی نے کہا “نوجوان تمام کریڈٹ کے مستحق ہیں کیونکہ انہوں نے بڑی تعداد میں ووٹ دیا، اس الیکشن میںلوگوں نے دکھایا کہ وہ بندوق اور پتھر پر یقین نہیں رکھتے بلکہ وہ ووٹ کو اپنے مطالبات کو پورا کرنے کے لیے ایک آلے کے طور پر استعمال کرنا چاہتے ہیں”۔سنہا نے کہا’’نوجوان نسل بھی اس بات کو بخوبی سمجھ چکی ہے اس لیے ان کے ہاتھ میں بندوق اور پتھر جیسے تباہی کے اوزار نہیں ہیں لیکن ان کی آنکھوں میں امن کے خواب اور امنگیں نظر آتی ہیں۔ جموں و کشمیر میں کل جمہوریت کا عظیم تہوار اختتام پذیر ہوا۔ سب سے پہلے، لوک سبھا کے انتخابات مئی میں ہوئے اور اسمبلی انتخابات پرامن اور آزادانہ اور منصفانہ انداز میں منعقد ہوئے۔ یہ نہ صرف ہندوستان بلکہ پوری دنیا میں بحث کا مرکز بن گیا ہے‘‘۔اسمبلی انتخابات میں لوگوں کی زبردست شرکت کا حوالہ دیتے ہوئے ایل جی نے کہا کہ مرکز کے زیر انتظام علاقے کے 1.40 کروڑ شہریوں نے آئینی اقدار پر اپنے اعتماد کا اعادہ کیا ہے اور اپنے ووٹ کے ذریعے خوبصورت جموں و کشمیر اور ملک کی ترقی میں اپنا حصہ ڈالنے کا عہد کیا ہے۔انہوںنےکہا’’یہ اپنے آپ میں اس حقیقت کا ثبوت ہے کہ پچھلے چار پانچ برسوں میں، خوف سے پاک جموں و کشمیر کے قیام میں بڑی کامیابی حاصل ہوئی ہے۔ آج میں نوجوان نسل پر زور دینا چاہتا ہوں کہ ہمیں امن اور ترقی کی رفتار کو برقرار رکھنا ہے۔ ہمیں خود کو بے لوث خدمت کے لیے وقف کرنا ہوگا ‘‘۔نوجوانوں کو گاندھی جی کے نقش قدم پر چلنے کی تلقین کرتے ہوئے، ایل جی نے کہا کہ یہ بابائے قوم کو بہترین خراج عقیدت ہوگا۔ ایل جی نے کہاکہ اب یہ نوجوانوں کا فرض ہے کہ وہ اس امن کو برقرار رکھیں اور جموں و کشمیر کو نئی بلندیوں تک پہنچانے میں اپنا حصہ ڈالیں۔انہوں نے کہا کہ کچھ لوگ نوجوانوں کو گمراہ کرتے رہتے ہیں اور یہ نئی نسل کا فرض ہے کہ وہ ایسے لوگوں اور ان کے عزائم کو شکست دیں۔انکاکہناتھا “یہ وہ لوگ ہیں جو امن کو ہضم نہیں کر سکتے اور ہانڈی کوابلتے رہنا چاہتے ہیں‘‘۔یل جی نے مزید کہا کہ “نوجوانوں کے لیے ایسی طاقتوں کو شکست دینا ہے کیونکہ وہ جموں و کشمیر میں امن کو ہضم نہیں کر پا رہے ہیں‘‘۔