سرینگر// حریت(گ) چیئر مین سید علی گیلانی نے کنگن پلوامہ معرکے میں جاں بحق ہوئے عسکریت پسند مصور احمد وانی کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہمارے یہ سرفروش ایک مقدس کاز کے لئے اپنی اٹھتی جوانیوں کو قربان کررہے ہیں اور ہم پر یہ ملّی اور قومی ذمہ داری ڈالتے ہیں کہ ہم ان کے مشن کو ہر صورت میں اور ہر قیمت پر جاری رکھیں۔ گیلانی نے نوجوانوں کی شہادت کے ایک کے بعد دوسرے مسلسل واقعات پر اپنی گہری تشویش اور فکرمندی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کچھ کالی بھیڑیں مخبری جیسا گھناؤنا کام کرکے اپنی عاقبت خراب کررہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ یہ ان لوگوں کے لئے بھی چشم کُشا ہے جو اپنے حقیر مفادات کی خاطراپنے ہی لوگوں کی زندگیوں کا سودا کرکے دشمن کے خاکوں میں رنگ بھررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تحریک کے تئیں لوگوں کی جذباتی وابستگی اور شہداء کے جلوس ہائے جنازہ اس حقیقت کا بین ثبوت ہیں کہ بھارت کشمیر میں جنگ ہار چُکا ہے۔ نوجوانوں کے جنازے سے سنیچر کی صبح ٹیلیفونک تقریر کرتے ہوئے گیلانی نے کہا کہ ہمارے جو بچے موجودہ جدوجہد میں اپنی عزیز جانوں کی قربانی پیش کررہے ہیں، اُن کی اکثریت اعلیٰ تعلیم یافتہ ہے اور وہ شعور کی بیداری کے ساتھ اس تحریک کے ساتھ وابستہ ہیں۔ ان کا خون انتہائی مقدس اور قیمتی ہے اور ہم پر فرض ہے کہ ہم ہر اس کام سے احتراز اور اجتناب کریں، جو ان کی قربانیوں کے ساتھ سودا بازی کا باعث بنتی ہو۔گیلانی نے کہا کہ ہمارے شہداء کا خون حرمِ پاک سے بڑھ کر ہے اور ہر صورت میں اس کا احترام کرنا ہم پر لازم ہے۔ جو لوگ چھوٹی چھوٹی مراعات اور رعایات کے لیے اس مقدس لہو کا سودا کرتے ہیں وہ انتہائی گھاٹے کا سودا کرتے ہیں اور ان کے دنیا وآخرت دونوں کی بربادی یقینی ہے۔قوم سے دردمندانہ اپیل کرتے ہوئے گیلانی نے کہا کہ ہمیں چاہیے کہ یکسوئی اور یکجہتی کے ساتھ اپنی تحریکِ آزادی سے جُڑے رہیں اور کسی بھی طرح کے انتشار اور افتراق کے شکار نہ ہوں۔ گیلانی نے مصور احمد کے جلوس جنازہ پر پولیس کی جانب سے لاٹھی چارج کرنے کی کارروائی کی مذمت کرتے ہوئے بربریت سے تعبیر کیا ہے۔