کولگام//کشمیری نوجوانوں میں ہتھیار اٹھانے کے بڑھتے رجحان کا تدارک کرنے کے علاوہ تصادموں کے دوران شہری ہلاکتوں کو روکنے کے سلسلے میں جنوبی کشمیر میںپولیس اور فوج کے اعلیٰ حکام کے درمیان ایک خصوصی اجلاس منعقد ہوا ۔میٹنگ میں 15کور کے کمانڈر لیفٹنٹ جنرل اے کے بھٹ ،ڈائریکٹر جنرل آف پولیس ڈاکٹر شیش پال وید ،انسپکٹر جنرل آف پولیس ایس پی پانی کے علاوہ پولیس وفوج کے اعلیٰ افسران نے شرکت کی ۔ میٹنگ میں کشمیری نوجوانوں میں جنگجوئیت کی طرف بڑھتے ہوئے رجحان پر تبادلہ خیال کیا گیا اور اسے سیکورٹی کیلئے تشویشنا ک قرار دیا گیا ۔ میٹنگ میں کشمیری نوجوانوں کو ملی ٹنسی سے روکنے کی حکمت عملی کا احاطہ بھی کیا گیا ۔ پولیس اور فوج کے اعلیٰ حکام نے وادی کشمیر میں جنگجو مخالف آپریشن کے دوران پتھرائو کے واقعات اور اس دوران ہونے والی شہری ہلاکتوں کے معاملے کو بھی خصوصی طورزیر بحث لایا ۔ اپنی نوعیت کا یہ ہنگامی اور اہم اجلاس کئی گھنٹوں تک جاری رہا ۔ پولیس وفوج کے اعلیٰ حکام نے کشمیری نوجوانوں میں ملی ٹنسی کا بڑھتے رجحان پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اسے روکنے کیلئے نئی حکمت عملی وضع کرنے کیلئے کئی اقدامات اٹھانے پر اتفاق کرلیا ۔ پولیس اور فوج کے اعلیٰ حکام نے نوجوانوں تک پہنچنے کیلئے ایک نئی حکمت عملی مرتب کی اور نو جوانوں کو مثبت سرگرمیوں کی جانب راغب کرنے کیلئے خاص توجہ مرکوز کرنے پر بھی اتفاق ہوا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ اس سلسلے میں ایک جامع منصوبہ بھی ترتیب دیا جارہا ہے ،جس سے گور نر انتظامیہ کے علاوہ حکومت ہند ،وزارت داخلہ اور وزارت دفاع کو بھی آگاہ کیا جائیگا ،تاکہ کشمیری نوجوانوں میں بڑھتے ملی ٹنسی کے رجحان کو کم کیا جاسکے یا اس پر روک لگائی جاسکے ۔ذرائع نے بتایا کہ پولیس اور فوج کے اعلیٰ حکام نے جنوبی کشمیر میں زمینی سطح پر کام کرنے والے پولیس اور فوجی افسران سے تجاویز وآرا ء حاصل کیں اور جنگجو مخالف آپریشن کے دوران اُنہیں درپیش مسائل کے بارے میں بھی جانکاری حاصل کی ۔ذرائع نے بتایا کہ جنوبی کشمیر میں جنگجو مخالف آپریشنز انجام دینے والے پولیس اور فوج کے اعلیٰ افسران نے اعلیٰ حکام کو بتایا کہ اُن کے سامنے دو بڑے چیلنجز اس وقت ہیں ،ایک مقامی نوجوانوں میں ملی ٹنسی کا بڑھتا رجحان اور دوسرا جنگجو مخالف آپریشن کے دوران عوامی مزاحمت ،کیونکہ اس دوران فورسز کی کارروائیوں میں عام شہری ہلاکتیں رونما ہوتی ہیں ،جسکی وجہ سے حالات کنٹرول سے باہر بھی ہوجاتے ہیں ۔ذرائع نے بتایا کہ اس غیر معمولی میٹنگ میں جاں بحق جنگجو نوجوانوں کے جنازوں میں لوگوں کی بھاری شرکت پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔میٹنگ کے بعد نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے 15کور کے کمانڈر لفٹنٹ جنرل اے کے بھٹ نے کہا ’میٹنگ کا بنیادی مقصد کشمیری نوجوانوں کو ملی ٹنسی سے روکنے کیلئے حکمت عملی وضع کرنے اور اس تشویشناک مسئلے پر تبادلہ خیال کرنا تھا ‘۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ لائن آف کنٹرول پر اب بھی در اندازی کی کوششیں کی جارہی ہیں اور گزشتہ روز ہی ایک در اندازی کی کوشش ناکام بنا دی گئی ۔انہوں نے کہا ’جہاں تک ایل او سی کا معاملہ ہے ،یہاں آپریشن جاری ہیں ،ہم یہاں موجود مزید جنگجوئوں کو تلاش کررہے ہیں ‘۔ڈائریکٹر جنرل آف پولیس نے میٹنگ کے بارے میں نامہ نگاروں کو بتایا کہ کشمیر کی مجموعی سیکورٹی صورتحال کا جائزہ لینے کیلئے زمینی سطح پر کام کرنے والے افسران کے ساتھ یہ میٹنگ ہوئی ۔انہوں نے کہا کہ اس میٹنگ میں سیکورٹی سے متعلق کئی معاملات پر تبادلہ خیال کیا گیا اور اس بات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا ،کس طرح کشمیر میں حالات کو معمول پر لایا جاسکے ۔میٹنگ میں آئی جی کشمیر زون ایس پی پانی نے بھی شرکت کی ۔