نقل مکانی کرچکے پنڈتوں کی جائیداد پرغیرقانونی قبضہ

بلال فرقانی
سرینگر// جموں کشمیر حکومت نے خطے میں نقل مکانی کرنے والے افراد کی اراضی سے غیر مجازی قابضین کی بے دخلی کا عمل شروع کرنے کیلئے مزید افسراں کو اختیار دیا ہے۔سرکاری نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ محکمہ مال نے ان علاقوں میں جہاں سب ڈویژنل مجسٹریٹ اور تحصیلدار  اپنے دائر حدود میں مہاجرین کی اراضی کو خالی کرنے کیلئے مطلوبہ نوٹسیں اور آرڈر اجرا کرنے کیلئے تعینات نہیں ہے،میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنروں، اسسٹنٹ کمشنروںکو نامزد کیا ہے ۔جموں و کشمیر مہاجرین غیر منقولہ جائیداد(تحفظ،حفاظت اور فروختگی مسائل )قانون مجریہ1997 کے سیکشن 2کی شق (b)کے تحت انہیں اختیارات تفویض کیے گئے ہیں۔اس قانون کے تحت، مجاز اتھارٹی علاقے کا ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ ہے اور اس میں علاقے کے ایسے دیگر افسران شامل ہیں جنہیں حکومت کسی علاقے کے لیے مقرر کر سکتی ہے۔اب تک، بے دخلی کے عمل کو انجام دینے کے اختیارات صرف ضلع مجسٹریٹ کے پاس تھے۔1997 میں نافذ کیا گیا قانون مجاز اتھارٹی کو یہ اختیار دیتا ہے کہ وہ نقل مکانی کرنے والے افراد کی غیر منقولہ جائیداد کی تفصیلات تیار کرے اور ایسے مہاجرین کی جائیداد پر غیر مجاز قابضین کو بے دخل کرنے کے لیے مناسب کارروائی کرے۔قانون کے مطابق’’مجاز اتھارٹی اس ایکٹ کے تحت غیر منقولہ جائیداد سے بے دخلی یا قبضے کی فراہمی کے لیے ضروری ہو، اس طرح کے اقدامات اٹھا سکتی ہے اور اس کا استعمال کر سکتی ہے، جو اس کی رائے میں ضروری ہو‘‘۔