نقب زنی کی شبانہ وارداتیں

سوپور//شمالی کشمیر کے قصبہ سوپور میں نقب زنی کی وارداتوں کا سلسلہ مسلسل جاری ہے۔ گزشتہ دو روز کے اندر نقب زنوں نے تین دوکانوں سے لاکھوں روپئے مالیت کا سازوسامن اڑالیا۔قصبے کے چھوٹا بازار میں نقب زنوں نے دوران شب نصیر احمد غازی اور حاجی منظور احمد میر کی دو دکانوں پر ہاتھ صاف کئے ۔ منگل کی صبح جب وہ دوکان کھولنے کے لئے پہنچے تو انہوں نے اپنی دوکانوں کے شٹر توڑے ہوئے پائے اور دوکانوں میں موجود لاکھوں روپے کا سازوسامان غائب پایا۔اس سلسلے میں پولیس کی ایک ٹیم جائے واردات پر پہنچی اور کیس درج کر لیا۔ادھرٹریڈرس فیڈریشن سوپور کے صدر قاضی حشمت اللہ ہاشمی اور نائب صدر محمد شفیع چنگال اور دیگر افراد بھی وہاں پہنچ گئے اور انہوں نے انتظامیہ کے خلاف احتجاج کیا اور کہا کہ پولیس ان واردات کا سراغ لگانے میں ناکام ہے۔ انہوں نے کہا کہ قصبہ میںنقب زنی کی بڑھتی ہوئی وارداتیںتجارت پیشہ افراد کیلئے پریشان کن ہے اوراگر فوری طور پر روک تھام نہیں ہوئی تو وہ سڑکوں پرآنے کیلئے مجبور ہوجائیں گے۔