سرینگر //محکمہ صحت نے حیدرپورہ میں قائم الامین نرسنگ ہوم کے چند شعبہ جات کو سیل کردیا ۔ ذرائع نے بتایا کہ مذکورہ اسپتال غیر تسلیم شدہ ہے اور اسپتال کے چند سیکشن جیسے یو ایس جی، غیر سلیم شدہ ادویات کی دکان اور صحت و صفائی کا کوئی بھی انتظام نہیں تھا۔ ذرائع نے بتایا کہ اسپتال میں نہ آپریشن تھیٹر اور نہی ہی لیبر روم اچھے طریقے سے بنایا گیا ہے۔ محکمہ صحت کے ذرائع نے بتایا کہ اسپتال انتظامیہ کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ فوراً اسپتال میں داخل مریضوں کودوسری جگہ منتقل کرے۔ ادھر وزیر مملکت برائے صحت آسیہ نقاش نے کہا کہ پرائیوٹ اسپتالوں کے خلاف معائنہ کی مہم جاری رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ میں تمام افسران کو سخت ہدایت دی ہے کہ وہ نجی اسپتالوں کے خلاف مہم جاری رکھیں اور اس بات کو یقینی بنائیں کہ وہاں مریضوں کو تمام تر سہولیات مل رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس سے قبل بھی مگرمل باغ میں ایک نجی اسپتال میں ایک مریضہ کی موت واقع ہوئی تھی جسکے بعد مذکورہ اسپتال کے چند شعبہ جات کوسیل کردیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ میں نے تمام افسران کو ہدایت دی ہے کہ وہ نجی اسپتالوں میں بلڈ بینکوں اور اسپتال میں کام کرنے والے عملے کے بارے میں جانکاری حاصل کریں۔ آسیہ نقاش نے کہا کہ تمام نجی اسپتالوں کے مالکان کو اسپتال میں کام کرنے والے عملے کی تعلیمی قابلیت اور تجربہ کے بارے میں جانکاری حکومت کو فراہم کرنی ہوگی۔