ناکامی سے دلبرداشتہ، سوپور میں طالبہ کی خودکشی کی کوشش

سوپور// شمالی کشمیر کے سوپور قصبہ کے بٹہ پورہ علاقہ کی ایک لڑکی نے 12ویں جماعت میں اپنی ناکامی کو برداشت نہ کرنے کی وجہ سے دریائے جہلم میں چھلانگ لگاکر اپنی زندگی کا خاتمہ کرنے کی کوشش کی تاہم مقامی لوگوں نے مچھواروں کی مدد سے لڑکی کو دریا سے زندہ باہر نکال کر اس کی زندگی بچائی۔ مذکورہ لڑکی کو فوری طور پر سب ضلع ہسپتال سوپور پہنچایا گیا جہاں اس کا علاج و معالجہ کیا گیا۔ اس ضمن میں بی۔ ایم۔ او، سوپور ڈاکٹر سمی اللہ کے مطابق لڑکی خطرے سے باہر ہے۔ ادھر پولیس نے کہا ہے کہ معاملے کی تحقیقات شروع کی گئی ہے۔ واضح رہے کہ گذشتہ روز وادی میں بورڑ آف سکول ایجوکیشن کی جانب سے بارویں جماعت کے امتحانی نتائج کا اعلان کیا گیا جس میں لڑکیوں نے لڑکوں پر سبقت حاصل کرتے ہوئے کامیابی حاصل کی۔