بانہال // شدید بارشوں کی وجہ سے تحصیل ہیڈکوارٹر کھڑی اور مہو منگت کو جوڑنے والی ناچلانہ کھڑی رابطہ سڑک کا ایک بڑا حصہ ہرنیہال کے مقام پھر سے کھسک گیا ہے جس کی وجہ سے تیس ہزار سے زائید کی آبادی سڑک رابطے سے منقطع ہوگئی ہے ۔ تفصیلات کے مطابق یہ سڑک پچھلے زائید از بیس سالوں سے علاقے میں ریلوے ٹنل بنانے کیلئے ریلوے تعمیراتی کمپنیوں کے زیر استعمال ہے لیکن کلہم طور ریلوے تعمیراتی ایجنسی ارکان انٹرنیشنل کے زیر کنٹرول ناچلانہ کھڑی رابطہ سڑک کی تجدید و مرمت کے نام کوئی کام نہیں کیا گیا ہے جس کی وجہ سے سڑک کی حالت نہ صرف خراب ہے بلکہ ہرنیہال کے مقام ریلوے تعمیراتی کمپنی کی طرف سے لاکھوں روپئے کی رقم خرچنے کے باوجود سڑک کا آئے روز نکل جانا معمول بنا ہوا ہے۔کھڑی آڑپنچلہ کے مقامی لوگوں نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ ہرنیہال کے مقام سڑک میں بڑی بڑی دراڑیں پڑ گئی ہیں اور معمول کی طرح بدھ کے روز بھی ریلوے تعمیراتی کمپنی نے عارضی بحال کا کام شروع کیا ہے۔ سب ڈویژن بانہال کھڑی، رامسو ، نیل ، پوگل پرستان ، رام بن اور سیری کے کئی علاقوں میں پلوں اور تعمیراتی ڈھانچوں کو نقصان پہنچنے کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں اور لوگوں کی اراضی اور درخت ندی نالوں میں آئی طغیانی کی وجہ سے بہہ گئے ہیں۔ بارشوں اور پسیوں سے بجلی نظام کو بھی نقصان پہنچا ہے جس کی وجہ سے ضلع رام بن کے بیشتر علاقوں میں بجلی کا نظام کل رات سے ہی منقطع تھا تاہم کئی علاقوں میں بجلی کی سپلائی کو بدھ کی شام تک بحال کیا گیا ہے۔