سرینگر //نالہ بل نوشہرہ کے لوگوں نے کل ایک مرتبہ پھر احتجاجی دھرنا دیاجسکی وجہ سے کئی گھنٹوں تک ٹریفک کی نقل و حمل مسدود ہوکر رہ گئی۔ مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ جھیل ڈل کی تمام گندگی نالہ بل کے مقام پر جمع ہوگئی ہے جسکی وجہ سے علاقے میں بدبو کی وجہ سے بیماریاں پھیلنے کا خطرہ لاحق ہوگیا ہے۔ لوگوں نے بتایا کہ ضلع انتظامیہ کو نالہ بل کی وجہ سے لوگوں کو درپیش مشکلات کے بارے میں کئی بار آگاہ کیا گیا مگر ضلع انتظامیہ نے یقین دہانیوں کے علاوہ کچھ بھی نہیں دیا ہے۔ لوگوں نے احتجاج کرتے ہوئے نالہ بل نوشہرہ میں سڑک پراحتجاجی دھرنا دیااور ٹریفک کی نقل و حمل روک دی۔ مقامی محلہ کمیٹی کے ممبر عبدالرشید نے کشمیرعظمیٰ کو بتایا ’’ جھیل ڈل سے آنے والے پانی کو روکنے کیلئے کئی سال قبل نالہ بل کے مقام پر گیٹ بنایا گیا مگر گیٹ بننے کی وجہ سے ڈل سے آنے والی گندگی وہاں جمع ہوجاتی ہیں جسکی وجہ سے وہاں پانی سے بدبو آنے لگی ہے ۔انہوںنے بتایا کہ علاقے کے کئی افراد بدبو کی وجہ سے بیماریوں میں مبتلا ہوگئے ۔عبدالرشید نے بتایا ’’نالہ بل گیٹ کے نذدیک جھیل ڈل کی گندگی جمع ہوگئی ہے اور پانی کو صاف کرانے کیلئے ہم نے کئی بار ضلع انتظامیہ سے بھی درخواست کی مگر ضلع انتظامیہ نے صرف یقین دہانیاں دیں۔انہوںنے بتایا کہ ہم نے انتظامیہ سے درخواست کی تھی کہ وہ نالہ بل میں پانی کو صاف کرنے کیلئے مشین نصب کی جائے مگر کوئی کارروائی نہیں ہوئی جسکی وجہ سے اب ہم سڑکوں پر آنے کیلئے مجبور ہوگئے ہیں۔