ناظم تعلیم نے اننت ناگ میں اندراج عمل کا آغاز کیا

اسلام آباد (اننت ناگ) // اندراج مہم اور کیمونٹی موبائیلزیشن پروگرام کی مناسبت سے ناظم تعلیم کشمیر نے ضلع اننت ناگ کے کئی دور دراز علاقوں کا دورہ کیا ۔ انہوںنے ایم ایس ہالن کی طرف سے منعقدہ کتب میلے اوریوم والدین کی تقریب میں شرکت کی۔ان کے ہمراہ جوائنٹ ڈائریکٹر سائوتھ کے علاوہ محکمہ تعلیم کے دیگر آفیسران بھی تھے۔دریں اثناء مختلف اجتماعات سے خطاب کے دوران ناظم تعلیم نے کہا کہ محکمہ کی طرف سے اندراج عمل کیلئے سرعت کے ساتھ کوششیں کی جارہی ہیں کیونکہ موسم سرما کے دوران وقت کی کمی ہوتی ہے ۔انہوں نے کہا کہ پورے عملے کی طرف سے اندراج عمل کے مثبت نتائج حاصل کرنے کے لئے کوششیں کی جارہی ہیں ۔انہوںنے مزید کہا کہ یہ بات باعث اطمینان ہے کہ نہ صرف اساتذہ برادری بلکہ عام لوگ بھی اس مہم کی کامیابی کے لئے غیر معمولی جوش وجذبہ رکھتے ہیں۔گورنمنٹ مڈل اسکول ہالن ویری ناگ میں سالانہ دن کی مناسبت سے تقریب منعقد ہوئی جس میں اسکولی بچوں نے رنگا رنگ پروگرام پیش کر کے حاضرین کے دل موہ لئے ۔تقریب کے موقعہ پر ہونہار طلاب کو ایوارڈ سے نوازا گیا ۔